ملک بھر میں عام انتخابات کب ہوں گے؟ الیکشن کمیشن نے اعلان کردیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے کہ بعد ملک بھر میں عام انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی اور اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔
اس حوالے سے نگران حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا، جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز جاری ہونے والی ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران انتخابات ہونے سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا امکان ہے جبکہ دو روز قبل سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون کنور دلشاد نے بھی ایک بیان میں کہا تھا الیکشن 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے تاہم الیکشن کی تاریخ کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کو ہی کرنے کا اختیار ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن پر تاریخ کے لیے دباؤ نہیں ڈال سکتا۔