سیاست

خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا عمل شروع

محمد فہیم

خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع کی 65 ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان 65 ویلج نیبر ہڈ کونسلوں کی 72 نشستوں میں سب سے زیادہ 30 یوتھ کونسلر کی نشستیں، 23 جنرل کونسلر کی نشستیں، 10لیبر کونسلر یا مزدور کسان اور 9 خواتین کونسلر کی نشستیں خالی ہیں۔

ضمنی انتخاب میں کسی بھی اقلیتی کونسلر کی نشست پر الیکشن نہیں ہو رہے۔

صوبہ بھر میں جن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں مردان کی 11 نشستوں میں 6 یوتھ، دو لیبر دو جنرل اور ایک خاتون کونسلر، پشاور کی 8 نشستوں میں 4 جنرل 3 یوتھ اور ایک خاتون کونسلر، ڈیرہ اسماعیل خان کی 8 نشستوں میں 5 جنرل اور تین یوتھ کونسلر، بنوں کی 7 نشستوں میں 4 خواتین کونسلر اور ایک ایک جنرل لیبر اور یوتھ کونسلر، چارسدہ کی 5 نشستوں میں دو جنرل دو یوتھ اور ایک لیبر کونسلر، دیر اپر میں تین یوتھ اور ایک خاتون کونسلر، خیبر کی تین نشستوں میں ایک یوتھ ایک جنرل اور ایک خاتون کونسلر، کوہاٹ میں تمام تین یوتھ کونسلر، ایبٹ آباد میں دو جنرل اور ایک خاتون کونسلر، لکی مروت کی تین نشستوں میں دو یوتھ اور ایک جنرل کونسلر، بٹگرام میں ایک جنرل ایک لیبر اور دو یوتھ کونسلر، سوات میں دو یوتھ اور ایک لیبر کونسلر، لوئر دیر میں دو جنرل اور ایک یوتھ کونسلر، نوشہرہ کی دو نشستوں میں ایک جنرل اور ایک لیبر کونسلر، مانسہرہ میں ایک جنرل اور ایک لیبر کونسلر، تورغر میں ایک جنرل اور ایک خاتون کونسلر، شانگلہ میں ایک لیبر اور ایک یوتھ کونسلر، ٹانک اور ایک ایک جنرل کونسلر جبکہ ملاکنڈ اور باجوڑ میں ایک ایک یوتھ کونسلرکی نشست پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کا سامان عملہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ 21 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے کل 256 پولنگ سٹیشن قائم ہیں جن میں 102 مردانہ ، 89 زنانہ اور 65 مشترکہ پولنگ سٹیشن ہیں۔ 256 پولنگ سٹیشنوں میں کل 798 پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں، جن پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 85 ہزار 8 سو 35 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2 لاکھ 8 ہزار 9 سو 64 مرد جبکہ 1 لاکھ 76 ہزار 8 سو 71 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کل 256 پولنگ سٹیشنز میں 159 حساس ترین، 84 حساس جبکہ 13 پولنگ سٹیشنز ہیں۔

خیبر پختونخوا میں دو درجاتی بلدیاتی نظام کام کررہا ہے جس میں ایک تحصیل اور دوسرا ویلج و نیبر ہڈ کونسل کی سطح پر ہے۔ صوبے میں 131 تحصیل و سٹی حکومتیں ہیں جن کے چیئرمین براہ راست منتخب کئے جاتے ہیں۔ تحصیل متھرا پشاور اور تحصیل حویلیاں ایبٹ آباد کے چیئرمین کے انتقال کے باعث ان پر ضمنی انتخاب 6 اگست کو ہوا تھا۔ صوبے میں 4 ہزار 213 ویلج و نیبر ہڈ کونسلیں بھی کام کررہی ہیں، ہر کونسل میں تین جنرل کونسلرز جبکہ ایک ایک خاتون، یوتھ اور لیبر کونسلرز ہیں جن علاقوں میں اقلیتی ووٹرز ہیں ان کونسلوں میں ایک نشست اقلیتی کونسلرز کی بھی ہے۔ ویلج و نیبر ہڈ میں انتقال کرجانے والے یا استعفیٰ دینے والے کونسلرز کی خالی نشستوں پر اتوار 27 اگست کو ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔

الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع میں 27 اگست کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تین روز کے لئے کنٹرول روم اور شکایت سیل قائم کر دیا گیا۔ مرکزی کنٹرول روم انتخابی عمل کی مانیٹرنگ، شکایات کے ازالے کے لئے قائم کیا گیا ہے جو انتخابات کے نتائج مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا، مرکزی کنٹرول روم میں افسران مانیٹرنگ ٹیم انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ مرکزی کنٹرول روم 26 اگست سے 28 اگست تک قائم رہے گا اس کے علاوہ انتخابی عمل کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا کنٹرول روم پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹٰ کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button