سیاست

جشن آزادی ریلی: سابق ایم پی اے افتخار علی مشوانی پر دہشت گردی کا مقدمہ درج

عبدالستار

مردان میں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے افتخار علی مشوانی پر جشن آزادی کے موقع پر ریلی نکالنے پر دہشت گردی سمیت 9 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

تھانہ جبر پولیس کے رپورٹ کے مطابق 13 اگست کی شام کو انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ سابق رکن اسمبلی تحریک انصاف افتخار علی مشوانی، ان کا سیکرٹری شبیر، بھائی کبیر اور چچا زاد بھائی ویلج کونسل ناظم ارشد اور دیگر کارکنان ریلی کے شکل میں روڈ پر نکال آئے ہیں اور بغیر سلنسر کے موٹر کاروں اور موٹر سائیکلوں پر ہلڑ بازی کر رہے ہیں جو عوام کے لیے تکلیف کا باعث بن رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریلی شرکاء نے لاؤڈ سپیکر کا غلط استعمال کرکے حکومت وقت کے خلاف دھمکی آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر کرکے عوام کو اکسانے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ان پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مردان نے یکم اگست سے جلسے جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کرکے دفعہ 144 نافذ کیا تھا جبکہ سابق ایم پی اے نے ریلی نکال کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ہے۔

ادھر سابق ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے ٹی این این کو بتایا کہ انہوں نے جشن آزادی کے سلسلے میں پر امن ریلی نکالی تھی جو گجر گڑھی سے روانہ ہو کر تخت بھائی بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ان کے بقول ہمارے خلاف جعلی مقدمات درج کئے گئے، ہم نے نہ روڈ بلاک کیا تھا اور نہ ہمارے ساتھ کوئی لاوڈ سپیکر تھا جبکہ ریلی میں ان کے بھائی کبیر بھی موجود نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جشن آزادی کی خوشی منا رہے تھے، میرے دائیں ہاتھ میں پاکستان جبکہ جبکہ بائیں ہاتھ میں پاکستان تحریک انصاف کا جھنڈا تھا، وہ ان مقدمات کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مردان کیپٹن (ر) عبدالرحمان نے جشن آزادی کے موقع پر دفعہ 144 کے حوالے سے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہوائی فائرنگ پر دفعہ 144 نافذ کیا تھا، جشن آزادی کے موقع پر کسی ریلی اور تقریب پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

ادھر یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں سٹی مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت شہریوں کو جشن آزادی کے جلسے جلوسوں سے روک دیا ہے۔ ان کے مطابق گذشتہ شب کالج چوک اور دیگر چوراہوں میں شہری وطن سے محبت کے اظہار کے لئے نکلے تھے تاہم ان پر پولیس نے لاٹھیاں برسائیں اور انہیں منتشر کرکے چالیس کے قریب شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button