سیاست

پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہونے والے رہنماؤں سے رابطے تیز کردیئے

 

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہونے والے رہنماؤں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے سابق وزراء، ممبران اسمبلی اور سابق رہنماؤں کو ساتھ چلنے کی دعوت دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال وزیر،ہشام انعام اللہ،اجمل وزیر،شوکت علی سمیت کئی رہنماؤں سے پرویز خٹک نے رابطہ کیا ہے۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک نے اپنے حلقے کے رہنماؤں کو بھی ساتھ دینے کی درخواست کی ہے۔ سابق ممبران اسمبلی ادریس خٹک اور خلیق الرحمان نے فی الحال پی ٹی آئی نہ چھوڑنے کا سگنل دیا ہے۔ پرویز خٹک ہوم ورک مکمل کرکے دو تین روز میں آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

خیال رہے گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف نے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے اور انہیں پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو پارٹی چھوڑنے کیلئے ورغلانے پر سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پارٹی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے7 دن میں جواب طلب کیا گیا تھا۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق پرویز خٹک کا عمران خان اور پارٹی کے خلاف بیان سراسر لغو، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک پارٹی کے عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ان الزامات سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جو سراسر جھوٹ ،بے ہودہ اور بے بنیاد ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پرویز خٹک بطور صوبائی صدر پارٹی کے تمام فیصلوں میں مکمل طور پر شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی رابطے میں تھے، انہیں کو پریس کانفرنس کے بعد عمران خان کے فیصلے غلط نظر آنے لگے۔

پی ٹی آئی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ پرویز خٹک اس قسم کے الزامات کے ذریعے نئی کنگز پارٹی میں اپنے لیے کسی مرکزی عہدے کی راہ ہموار کر رہے ہیں، یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button