سیاست

خدا کرے کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا آخری معاہدہ ہو، شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد ایک عشاریہ ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط جولائی میں موصول ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ نو ماہ میں پاکستان کو تین ارب ڈالر ملیں گے جس کی پہلی قسط جولائی میں موصول ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائے معاہدے پر کابینہ ارکان اور وزیر خزانہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے برادر ملک سعودی عرب نے دو ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر لانے میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معادہدہ کوئی فخریہ لمحہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے۔ خدا کرے کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا آخری معاہدہ ہو اور ہمیں دوبارہ ان کے پاس نہ جانا پڑے۔

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان نیا سٹینڈ بائے معاہدہ 30 جون کو طے پایا تھا۔

معاہدے کے بعد پیر کو ملک میں کاروباری ہفتے کے شروع ہوتے ہی مثبت اثرات دیکھے گئے اور سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کا آغاز ہی 2200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ہوا۔

اس کے علاوہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر بھی بات کی اور کہا کہ پوری ملت اسلامیہ، حکومت پاکستان اور پوری قوم شدت سے اس کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ مجرموں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔‘

شہباز شریف نے سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات اور بیانیے کا نوٹس لیا جائے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button