پرویز خٹک کا پی ٹی آئی پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے پی کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پرویز خٹک کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں۔
پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت میڈیا پر جو پراپیگنڈا ہو رہا ہے وہ درست نہیں ہے، میں نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں اور پارٹی ورکر سے مشورہ کرکے طے کروں گا۔
پرویز خٹک مختصر پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے بغیر چلے گئے۔ ان کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کوئی گفتگو نہیں کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسد عمر بھی پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے دستبردار ہو چکے ہیں اور عمران خان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کے لیے جو 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس میں بھی پرویز خٹک کا نام شامل تھا۔
یاد رہے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمعرات کی شام کو الزام لگایا تھا کہ ان کی پارٹی کے دو رہنماؤں پرویز خٹک اور اسد قیصر کو سیف ہاؤس میں بٹھا لیا گیا ہے۔
جمعرات کو زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میری بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے دو ارکان پرویز خٹک اور اسد قیصر کو آج اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بات چیت کی دعوت دی گئی تھی۔
’پرویز خٹک اور اسد قیصر جب بات چیت کے لیے وہاں گئے تو انہیں سیف ہاؤس میں بٹھا لیا گیا اور انہیں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو تب چھوڑیں گے جب آپ پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔‘