"حکومت نے اپنا امیج بہتر کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے”
خالدہ نیاز
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ کمی آئندہ 15 روز کے لیے کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 16 مئی کو 30 روپے کمی گئی تھی اور اس بار بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 253 فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 164 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی ثنا نے جو ایک این جی او میں کام کرتی ہیں نے اس کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ تیس یا چالیس روپے تک کمی کرتی کیونکہ اس سے غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔
ثنا نے کہا کہ آجکل مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے اور غریب عوام کے لیے جینا دو بھرہوگیا ہے اور معاشی حالات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن قریب ہے ایسے میں حکومت نے قیمت میں کمی کی ہے کیونکہ حکومت عوام کی نظر میں اپنا امیج بہتر کرنا چاہتی ہے لیکن اس سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ نہیں ملے گا۔
دوسری جانب پشاور سے تعلق رکھنے والے علی نے اس حوالے سے ٹی این این کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی لانا حکومت کا احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ ڈیوتی کے لیے موٹر سائیکل پر جاتے ہیں لہذا اس سے انکو فائدہ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرتے ہیں انکے لیے یہ ایک اچھا اقدام ہے تاہم حکومت کو چاہئے کہ قیمتوں میں مزید کمی لائے کیونکہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔