شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کارکنوں نے نامعلوم افراد کی جانب سے سکولوں کو بموں سے اڑنے کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا جس میں پارٹی کے صوبائی ترجمان جمال داوڑ، ضلعی صدر اسد داوڑ اور کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی ترجمان جمال داوڑ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کو بموں سے اڑانا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے حالیہ واقعات کو پختونوں کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے سابقہ واقعات کے ساتھ جوڑا اور اسے گہری سازش قرار دیتے ہوئے ریاست سے تعلیمی اداروں کی تحفظ کا مطالبہ کیا۔
ضلعی صدر اسد داوڑ نے کہا کہ اس گھناونے فعل میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور اسے قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سوموار کی رات نامعلوم افراد نے گورنمنٹ مڈل سکول نورجنت گل کوٹ موسکی اور گورنمنٹ مڈل سکول یونس کوٹ خسو خیل کو رات کے وقت بارودی مواد سے اڑا دیا تھا۔
مذکورہ سکولوں میں پانچ سو سے زائد طلباء پڑھ رہے تھے البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے کارکنوں نے اسے گھناونی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اقدام پشتونوں کو تعلیم سے دور رکھنے کی ایک ناپاک سازش ہے۔
ادھر ضلعی پولیس کے مطابق یہ دہشت گردانہ کارروائی ہے اور کیس کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔