سیاست

خیبرپختونخوا: ڈی جی انفارمیشن کی تقرری کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال شروع

 

ڈی جی انفارمیشن کی تقرری کے خلاف انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال شروع کردی۔ اس ضمن میں آج ملازمین نے احتجاج کیا اور تمام سیکشنز کو بند کرکے تالے لگا دئیے۔ انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ آفیسرز ایسوسی ایشن بھی قلم چھوڑ ہڑتال میں شامل ہے جبکہ انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ کے احتجاج کو صحافیوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔

انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ ملازمین کا کہنا ہے کہ صحافت اور صحافیوں کی نمائندہ ڈائریکٹوریٹ میں غیر اصولی تقرری کی وجہ سے احتجاج پر ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ڈی جی انفارمیشن کی ڈائریکٹوریٹ سے تقرری کی جائے۔

انفارمیشن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عطاء اللہ خان نے اس حوالے سے ٹی این این کو بتایا کہ انفارمیشن میں امپورٹد ڈی جی کے خلاف نکلے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس پوسٹ پر غاصبانہ قبضہ کیا جارہا ہے جو بھی کیڈر انفارمیشن میں باہر سے آیا ہے اس کی آمد نامنظور ہے اور اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریںگے۔ انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن میں سینئر لوگ موجود ہے یہاں سے کسی کو بھی اس عہدے پر تعینات کیا جاسکتا ہے لیکن باہر سے کسی کی آمد نامنظور ہے ہے کیونکہ یہ نان ٹیکنیکل بندے ہونگے اور یوں سارے امور ٹپ پڑ جائیں گے۔

عطاء اللہ خان نے کہا کہ آج انہوں نے علامتی ہڑتال کی ہے اور کل سے باقاعدہ اس ڈی جی انفارمیشن کی تقرری کے خلاف احتجاج کرینگے، انکو سارے صوبے کے پریس کلبز کی بھی حمایت حاصل ہے، ریڈیو سٹیشنز اور ریجنل دفاتر کو بھی بند کیا جائے گا جبکہ اگر آج ڈی جی انفارمیشن کی تقرری کا نوٹیفیکیشن واپس نہیں ہوا تو کابینہ کے ارکان سے آج ہی پی آر کی خدمات بھی واپس لے لینگے۔

دوسری جانب ہڑتال میں شریک اٹیچڈ ڈیارٹمنٹ افیسرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد امین خان کا کہنا ہے کہ جب ڈیپارٹمنٹ میں ایک سنیئر افسر موجود ہے تو باہر سے لانے کی کیا ضرورت ہے وہ اس تقرری کے خلاف ہیں اور اس احتجاج کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹیکنیکل پوسٹ ہے جس کے لیے 25 یا 30 سال کا تجربہ ہونا لازمی ہے جبکہ عمران جو اس پوسٹ کے لیے اہل ہے انکی سمری وزیراعلی کے پاس پڑی ہوئی ہے لہذا انکو اس پوسٹ پر تعینات کیا جائے کیونکہ یہ ان کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں پہلے ہی سے پروفیشنل بندوں کی کمی ہے لہذا اس تعیناتی کو فورا کینسل کیا جائے اور نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے۔

یاد رہے پراونشل مینجمنٹ سروسز کے گریڈ 19 کے فضل حسین کو ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا تعینات کیا گیا ہے، فضل حسین اس سے قبل بورڈ آف ریونیو میں تعینات تھے۔ انکی تقرری کے خلاف چند روز قبل سینیئر صحافی شمیم شاہد نے بھی نگران وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس روک دی تھی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شمیم شاہد نے نگران وزیر اطلاعات فیروز جمال کاکا خیل کو کہا تھا کہ ایک بیوروکریٹ کی اس عہدے پر تعیناتی محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی حق تلفی ہے اور جب تک اس تعیناتی کا اعلامیہ واپس نہیں ہوگا تب تک کوئی پریس کانفرنس نہیں ہوگی۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button