سیاست

”احتساب پھر انتخاب:” سوات کے ہر ”تورگل” کا نعرہ

سوات کے عوام نے پہلے احتساب اور پھر انتخاب کا نعرہ بلند کر دیا۔

گزشتہ روز نشاط چوک مینگورہ میں تورگل کے نام پر کرپشن کیخلاف مظاہرہ ہوا جس میں سول سوسائٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود، ہلال دانش، اعجاز خان اور دیگر نے مطالبہ کیا کہ سابق وزراء اور ممبران اسمبلی کا کڑا احتساب کر کے ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج سوات کا ہر شہری تورگل ہے اور تورگل کا مطالبہ ہے کہ کرپٹ اور بد عنوان عناصر کو بے نقاب کر کے ان سے لوٹی ہوئی قومی دولت کو قومی خزانے میں جمع کیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ ان لوگوں سے قومی دولت واپس لے کر ان کا احتساب کرتے ہوئے بعد میں الیکشن کرایا جائے، احتساب کے بغیر الیکشن ہرگز قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزراء اور ممبران اسمبلی نے قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا ہے جس کے ہمارے پاس باقاعدہ ثبوت ہیں۔

اس موقع پر بیوٹی فیکیشن کے فنڈ میں ہونے والی خوردبرد اور اربوں روپے ہڑپ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے تحلیل کئےجانے کے بعد تورگل نامی ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پی ٹی آئی لیڈرشپ کے لئے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے جبکہ عوام کے لئے تورگل ایک جانا پہچانا نام بن چکا ہے، اس اکاؤنٹ سے آئے روز سابق حکومت کے عہدیداروں کی کرپشن کی کہانیاں منظرعام پر آ کر زبان زد خاص و عام بن رہی ہیں۔

دوسری جانب یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ تورگل کو یہ ساری معلومات کون فراہم کر رہا ہے جو بعض زرائع کے مطابق کافی حد تک درست بھی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button