سیاست

عمران خان پر فائرنگ، حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج ہوگا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق صورتحال پر غور کرنے  کے لیے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج ہوگا جس میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور ہو گا۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں مرکزی رہنما شرکت کریں گے۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعےکی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو  آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سےفوری رپورٹ طلب کرنےکی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سکیورٹی اور تفتیش کے لیے پنجاب حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔

خیال رہے کہ جمعرات کے روز گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔  واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے ،4 افراد گولیاں لگنے سے زخمی،باقی افراد کے زخموں کی نوعیت الگ ہے۔

پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

اللہ والا چوک پر فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیدھی ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی۔

پولیس اور سیکورٹی اداروں نے واقعہ کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 11 گولیوں کے خول ملے ہیں ،9خول پستول کی گولیوں اور دو بڑے اسلحے کی گولی کے خول ہیں۔

پولیس کے مطابق پستول کی گولیاں نیچے سے اوپر کنٹینر کی طرف چلائی گئیں جبکہ  بڑے اسلحے والی گولیاں کنٹینر سے نیچے کی طرف چلائی گئیں، جاں بحق نوجوان معظم ملزم کو  پکڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button