پشاور اور مردان کے بعد چارسدہ بھی کپتان کا!
سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور اور مردان کے بعد این اے 24 چارسدہ کا میدان بھی مار لیا، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو بھی شکست دے دی۔
عمران خان نے ایمل ولی خان کو 10233 ووٹوں سے ہرایا۔ این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ حاصل کر سکے۔ تاہم ایمل ولی خان نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے نتائج مسترد کرنے اور ووٹوں کی تصدیق کے لئے الیکشن کمیشن جانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ سٹیشنوں سے موصول غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم 68181 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے، انہیں 8500 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
ملک کے تین صوبوں میں قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے، اب تک موصول ہونے والے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق عمران خان نے این اے 31 پشاور اور این اے 22 مردان پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ان کے علاوہ 4 حلقوں میں انہیں برتری حاصل ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبر پختونخوا کی تین، پنجاب کی تین اور سندھ کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ رہا، جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان امیدوار جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑ رہی تھیں اور شکست کھا گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ملیر میں بھی پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج
این اے 22 مردان
این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ سٹیشنوں سے موصول غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم 68181 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 24 چارسدہ
این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ حاصل کر سکے۔
این اے 31 پشاور
این اے 31 پشاور کے 230 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں، اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کر کے دوسرے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔
این اے 108 فیصل آباد 8 کے 353 میں سے 164 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 42190 لے کر آگے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 30228 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 118 ننکانہ صاحب کے 319 میں سے 87 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے تحت عمران خان پہلے نمبر پر ہیں۔ عمران خان نے 22602 ووٹ اور پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 19735 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
این اے 237 کراچی ملیر 2 کے 194 میں سے 103 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 13212 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے 11502 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 239 کراچی کورنگی 1 کے 330 میں سے 43 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 5805 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں اور متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا نے 1103 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ملتان میں پی ٹی آئی کو شکست
این اے 157 ملتان 4 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔
پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہربانو قریشی پر 19 ہزار 750 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔
خیال رہے کہ یہ نشست شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے خالی کی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج
پنجاب اسمبلی کی تین کی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوئے جن میں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر شامل ہیں۔
پی پی 139 شیخوپورہ 5 کے 153 میں سے 102 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 25510 ووٹ لیکر پہلے اور پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 23388 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اسی طرح پی پی 209 خانیوال 7 کے 176 میں سے 82 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محمد فیصل خان نیازی 31486 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ ن لیگ کے چوہدری ضیا الرحمان نے 24419 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 241 بہاولنگر 5 کے 168 میں سے 10 پولنگ سٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان 30636 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار 24256 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر ہیں۔