طورخم: 9 جولائی تک افغان مسافر تذکیرہ پر افغانستان جا سکتے ہیں!
لنڈی کوتل: حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت تین دنوں میں 11100 افغان مسافروں کو تذکیرہ پر جانے کی اجازت دی ہے جس پر افغان پناہ گزینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
زرائع کے مطابق ان پناہ گزینوں کیلئے ایک اور خوشخبری یہ بھی ہے کہ 9 جولائی بروز ہفتہ تک افغان مسافر پاکستان سے تذکیرہ پر افغانستان جا سکتے ہیں۔
پاک افغان طورخم بارڈر پر پاکستانی حکام نے تین دنوں میں گیارہ ہزار ایک سو افغان مہاجرین پاسپورٹ اور ویزہ کے بغیر تذکیرہ پر جانے کی اجازت دی ہے۔ سرکاری زرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستانی حکام نے جذبہ خیرسگالی کے تحت کیا، پہلے دن بروز ہفتہ 1500 افغان مسافروں کو طورخم بارڈر کے راستے تذکیرہ پر افغانستان جانے کی اجازت دی گئی جبکہ دوسرے دن بروز اتوار 5100 افغان مسافر بغیر پاسپورٹ اور ویزہ طورخم کے راستے افغانستان گئے اور آج، پیر کے روز 4500 افغان مسافر رات 9 بجے تک بغیر پاسپورٹ اور ویزہ طورخم کے راستے تذکیرہ پر افغانستان گئے۔
دوسری جانب اس فیصلے سے افغان مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ ان میں بوڑھے، بچے اور خواتین سمیت مریض مسافر بھی شامل تھے، انہوں نے پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں پاسپورٹ اور ویزہ کے بغیر افغانستان جانے کی اجازت مل گئی۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کے اس فیصلے سے قبل پاک افغان طورخم بارڈر پر ہزاروں کی تعداد میں مسافر جمع ہو گئے تھے، جن کے پاس پاسپورٹ تھا نہ ہی ویزہ، جس پر پاکستانی حکام نے تذکیرہ پر افغانستان جانے کی اجازت دی ۔
پاک افغان امور پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو تقویت دینے کا باعث بنے گا۔