سیاست

پی کے 7: پی ڈی ایم اتحاد کو شکست، پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

عوامی نیشنل پارٹی کے رکن وقار خان کی رحلت کے باعث خالی ہونے والی خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست حلقہ پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم اتحاد کو شکست جبکہ صوبائی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی کے سات کے تمام 124 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج مکمل ہو گئے جہاں پی ٹی آئی کے امیدوار فضل مولا 18 ہزار 42 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ اے این پی کے امیدوار حسین احمد خان 14 ہزار 665 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہ کر سکیں، پی کے 7 کے ضمنی انتخابات اگلے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے، سوات پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔

محمود خان کے مطابق خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی اور عمران خان کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، سوات سمیت خیبر پختونخوا کے عوام نے ملک لوٹنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیا ہے، موجودہ امپورٹڈ حکومت تیزی سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے، ہوشربا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے (اس لئے) عوام جلد سے جلد اس نااہل حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا نے پی کے 7 سوات ضمنی انتخاب کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ ایجنٹس کے ساتھ موجود فارم 45 اور سرکاری نتائج یکسر مختلف ہیں، 2018ء کی طرح ‘کور’ میں موجود ‘مہربان’ نے اس الیکشن کو بھی مینیج کیا، سرکاری مشینری کے استعمال، راتوں رات فنڈز کے اجراء پر الیکشن کمیشن کیوں خاموش رہا، خان نواب کاکا اور ان کے خاندان کے ساتھ پورا سوات کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

اس حوالے سے اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انجنیئرڈ الیکشن کے عادی آج بھی وہی پرانے حربے استعمال کر رہے ہیں، صوبے میں حکومت کے باوجود ان کے پاس عوام کو دکھانے کیلئے کچھ نہیں، کارکردگی نہیں اس لئے اس انتخاب میں بھی دھاندلی کی گئی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی مشاورت کے بعد نتائج کو چیلنج کرے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button