خیبر پختونخوا: صوبہ بھر میں کل عید الفطر منانے کا اعلان
خیبر پختونخوا حکومت نے کل بروز پیر سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئی ہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے پیر 2 مئی کو سرکاری طور پر عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق کل صوبے بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کل گورنر ہاؤس پشاور میں کابینہ اراکین اور سرکاری حکام کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔
تاہم ڈیرہ اسمعیل خان میں کل روزہ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں حضرت مولانا عزیز الرحمن صاحب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مفتی عبد الواحد قریشی اور قاری خلیل احمد سراج سمیت دیگر علمائے کرام موجود تھے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق چاند دیکھنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی لہذا کل ڈیرے میں روزہ رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ڈیرہ کی مقامی کمیٹی کا اجلاس تاحال جاری ہے جس میں عید یا روزہ کے حوالے حتمی اعلان نہیں کیا گیا تاہم ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسمعیل خان کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد کل صوبہ بھر کی طرح ڈیرہ اسمعیل خان میں بھی عید الفطر منائی جائے گی۔
زرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ کی جانب سے علمائے کرام کو راضی کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ صوبہ کے دیگر علاقوں کی طرح ڈیرہ اسمعیل خان میں بھی کل عید منائی جا سکے