سیاست

مہنگائی بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ بنی: شوکت

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی نے اپنی شکست تسلیم کرلی۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار  دے دیا۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں مہنگائی ہماری شکست کا باعث بنی۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے دو، تین مہینوں میں مہنگائی کم ہو جائے گی۔صوبائی وزیر عاطف خان نے بھی پی ٹی آئی امیدواروں کی شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار دیا۔

شوکت یوسفزئی نے بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کے جیت جانے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا جاتا ہے، شکر ہے کہ اپوزیشن جماعت جیت گئی۔

خیال رہے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو نہ صرف کئی علاقوں میں اپ سیٹ شکست ہوئی بلکہ حریف جماعت جے یو آئی ف اس سے آگے بھی نکل گئی۔

چار شہروں میں میئر کا الیکشن ہو رہا ہے جن میں سے مردان میں اے این پی اور کوہاٹ میں جے یو آئی (ف) کے امیدواروں نے میدان مارلیا ہے جب کہ دیگر دو شہروں میں بھی پی ٹی آئی پیچھے ہے۔

64 میں سے 19 تحصیلوں میں بھی جے یو آئی آگے ہے، پی ٹی آئی 15 تحصیلوں میں اور آزاد امیدوار 12 تحصیلوں میں آگے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی بھی 8 تحصیلوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button