سیاست

امریکہ اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پولیس کیلئے سہولیات کا افتتاح

پشاور: حکومتِ امریکہ نے انسداد منشیات اور نفاذ قانون کے بین الاقوامی ادارے (آئی این ایل) کے توسط سے خیبر پختونخوا میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لیے ایک کروڑ اَسی لاکھ ڈالر مالیت کی لاگت سے تیار ہونے والی نئی سہولیات کا افتتاح  کر دیا۔

اس حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پشاور میں تعینات امریکی قونصل جنرل رچرڈ ایچ  رائلی نے کہا کہ رواں ہفتہ کی مثبت سرگرمیاں امریکہ اور پاکستان کے درمیان جاری دیرینہ شراکت داری کی تاریخ میں ایک اور قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اُمید ہے کہ اِن سہولیات کی فراہمی سے کے پی پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو باصلاحیت اور پیشہ ورانہ استعداد کے حامل اہلکار اپنی صفوں میں شامل کرنے کا مقصد حاصل کرنے اور نئے اضلاع میں نفاذ قانون کی کوششوں کو توسیع دینے میں مدد ملے گی۔

خواتین کی رہائشی بیرکوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے آئی این ایل کے ڈائریکٹر ٹریواکاسکی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ امریکی حکومت کی معاونت سے تعمیر ہونے والے اس بنیادی ڈھانچے سے خواتین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو  پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی، اِن منصوبوں کا مقصد ہر صنف سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے مزید تحفظ اور خوشحالی کا حصول ہے۔

جن سہولیات کا افتتاح کیا گیا ان میں شاہ کس میں پولیس تربیتی مرکز، نئے اضلاع میں دس پولیس چوکیاں، میچنی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کی توسیع اور نوشہرہ میں کے پی پولیس کے مشترکہ تربیتی مرکز کی تعمیر کے دوسرے مرحلہ کی تکمیل شامل ہے۔ حُکام نے شاہ کس مرکز میں زیرتربیت خواتین اہلکاروں کے لیے نئی رہائشی بیرکس کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔

شاہ کس میں قائم ہونے والے تربیتی مرکز میں پانچ سو اہلکاروں کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ یہ ادارہ پہلے ہی سے خیبر پختونخوا پولیس میں ضم ہونے والے سابقہ لیویز اہلکاروں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر، مہمند، کُرم اور دیگر قبائلی اضلاع میں دس چیک پوسٹوں کا قیام سابقہ لیویز فورسز کی صوبائی پولیس میں شمولیت کی راہ ہموار کرے گا اور نئے اضلاع کے شہریوں کو پولیس کی خدمات تک رسائی میں وسعت دے گا۔ مچنی پولیس مرکز میں توسیع سے ایف سی کو اپنی صفوں میں پانچ ہزار اضافی جوانوں کی شمولیت کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔

نوشہرہ میں مشترکہ پولیس تربیتی مرکز کی تعمیر کے دوسرے اور آخری مرحلہ کی تکمیل سے، جس میں چالیس عمارتوں کی تعمیر اور خواتین اہلکاروں کے لیے سہولیات بھی شامل ہیں، زیرتربیت اہلکاروں کی گنجائش 450 سے 1700 تک پہنچ جائے گی۔

امریکہ نے گزشتہ تقریباً چالیس سال سے ملک بھر میں شہریوں کے تحفظ میں بہتری لانے اور پولیس کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر  کام کیا ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی انسدادِ منشیات و نفاذ قانون (آئی این ایل) جرائم اور بدعنوانی کے انسداد، منشیات کے کاروبار کی روک تھام، پولیس کے اداروں کو بہتر بنانے اور شفاف و قابل ِاحتساب عدالتی نظام کو فروغ دینے کے لئے دنیا بھر میں 90 سے زائد ممالک میں مصروف ِ عمل ہے۔ آئی این ایل کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

http://www.state.gov/j/inl/

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button