ملک میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی، عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے فلاحی پروگرام کا اعلان کیا ہے جو ان کے مطابق ’پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام‘ ہے۔
خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس فلاحی پروگرام کا مطلب ہے کہ ’ہم پاکستان کو فلاحی ریاست کی جانب لے جا رہے ہیں۔‘
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس اعداد و شمار نہیں تھے جس کی وجہ سے ہم ایسا پہلے نہیں کر سکے۔ اب ہمارے پاس ڈیٹا ہے اس لیے میں یہ پروگرام پیش کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔‘
’مہنگائی کا واقعی مسئلہ ہے مگر میں میڈیا اس اتنا کہتا ہوں کہ تنقید میں توازن رکھیں کہ کیا مہنگائی صرف ہماری حکومت کی وجہ سے ہوئی ہے؟‘
انہوں نے کہا کہ ’ہاں مہنگائی ہے مگر حکومت کی طرف بھی دیکھیں، آپ پر بوجھ نہ پڑے اس کی ہم پوری کوشش کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ اس لیے ہو رہا ہے کہ چیزیں بیرون ممالک سے منگواتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں مہنگائی کی وجوہات اور حکومتی اقدامات بتانے کے بعد فلاحی پروگارم کا اعلان کیا اور اس کی تفصیلات بتائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فلاحی پروگرام دو کروڑ خاندانوں کے لیے ہے جس سے 13 کروڑ لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے۔ جو کے پاکستان کی آبادی کا تقریباً 60 فیصد لوگ بنتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت حکومت چھ ماہ کے لیے گھی آٹے اور دال پر 30 فیصد سبسڈی دے رہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان میں 1400 ارب کی فنڈنگ رکھی گئی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ ’40 لاکھ خاندانوں کے لیے سود کے بغیر قرضے دیے جائیں گے جبکہ ’خاندان میں کسی بھی ایک فرد کو ہنر بھی سکھایا جائے گا تاکہ وہ اپنے خاندان کی مدد کر سکے۔‘
ملک میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی، عمران خان
گیس کی قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ امریکا میں قدرتی گیس کی قیمت میں 116 فیصد، یورپ میں 300 فیصد جبکہ پاکستان میں گھروں کو دی جانے والی گیس کی کوئی قیمت نہیں بڑھی، سب چیزیں ملک میں پیدا ہوں تو قیمت نہ بڑھنے دیں، جو مہنگائی باہر سے آرہی ہے، ملک میں کشتیوں میں سامان آتا ہے، فریٹ کی قیمتوں میں ساڑھے 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ 3 سے 4 مہینے میں تیل کی قیمتیں 100 فیصد بھی بڑھ گئی ہیں لیکن ہمارے ملک میں 33 فیصد بڑھی ہے، بھارت میں تیل کی قیمت 250 روپے، بنگلا دیش میں 200 روپے اور پاکستان میں 138 روپے ہے، ابھی سے بتا رہا ہوں کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی۔
پہلے بھی تحریکِ انصاف کی حکومت عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کر چکی ہے
وزیر اعظم عمران خان نے مارچ 2020 میں غریبوں کی مدد اور ملک میں کرونا وائرس پھیلنے کے منفی اثرات کو دور کرنے کے لیے تقریباً 1200 ارب روپے کے معاشی ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت بھی عمران خان نے قوم سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ہم نے تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا جو آٹھ ارب ڈالر ہے جبکہ امریکہ کا ریلیف پیکج دو ہزار ارب ڈالر ہے لہٰذا ہم وسائل میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔’
مئی 2020 میں وزیراعظم نے خطاب میں کہا تھا کہ کرونا کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد احساس پورٹل پر معلومات دے کر امداد حاصل کرسکتے ہیں، رجسٹرڈ بے روز گار افراد کو 12 ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے۔