پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن کل منایا جائے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن کل (21 ستمبر) کو منایا جائے گا۔
اس دن کو منانے کا اہم مقصد دنیا کو ہتھیاروں سے پاک کرنا اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، اس موقع پر دنیا میں تیزی سے پیدا ہونے والے ایٹمی جنگوں کے خطرات، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے انسانیت کو بڑھتے خطرات اور دنیا بھر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم امن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا
نیز دن منانے کا مقصد رواں برس کے مرکزی پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول بھی ہے جو سنہ 2015 میں 193 رکن ممالک نے مقرر کیے تھے اور طے کیا تھا کہ ان اہداف کو آئندہ 15 سالوں یعنی 2030 تک ہر صورت حاصل کرنا ہے۔
رواں برس عالمی منشور برائے انسانی حقوق کی منظوری کے 73 سال مکمل ہونے پر اس دن کو ‘امن کے حق’ کے مرکزی خیال کے تحت منایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس دن کو پہلی بار 1982 میں منایا گیا، 2001 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد نمبر 52 کے تحت اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد 2002 میں اسے پہلی بار عالمی طور پر منایا گیا تھا۔