یو این ایچ سی آر نے پاکستان سے مزید افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی درخواست کر دی
طیب محمدزئی
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ( یو این ایچ سی آر) کے ترجمان قیصر آفریدی نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود صورتحال کی وجہ سے افغان شہری مختلف ممالک میں پناہ لینے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ پاکستان بارڈر پر موجود افغان مہاجرین کو آنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجودہ صورتحال نارمل نہیں جس کی وجہ سے رواں برس 6لاکھ افغان شہری بے گھر ہوئے ہیں ، اس لئے افغانستان کے جتنے بھی پڑوسی ممالک ہیں ان سے ہماری اپیل ہے کہ وہ اپنے سرحدات افغان مہاجرین کےلئے کھول دیں تاکہ وہ محفوظ مقامات تک پہنچ سکیں۔
ٹی این این کے ہفتہ وار میگزین پروگرام(ژوند د وبا سرہ) میں گفتگو کرتے ہوئے قیصر آفریدی نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کتنے افغان مہاجرین پاکستان آئیں گے جبکہ یہ اندیشہ ضرور ہے کہ افغان مہاجرین کی پاکستان آمد سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے لیکن تاحال پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزینوں کے لئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کا کوئی باقاعدہ نظام موجود وضع نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے ترجمان قیصر آفریدی نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت قریب 14 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ افغان پناہ گزین ہیں جس میں زیادہ تر خیبرپختونخوا میں مقیم ہیں جبکہ آٹھ لاکھ سے زیادہ ایسے ہیں جن کے پاس یہاں پی او آر (پروف آف رجسٹریشن) کارڈ تو نہیں ہیں لیکن ان کے پاس یہاں رہنے کے دستاویز ہیں جبکہ اس کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ افغان بھی رہتے ہیں۔
کیپموں میں مقیم افغان پناہ گزین کو ویکسین لگانے کا طریقہ کار کیا ہے ؟
قیصر کے مطابق ‘ جن افغان پناہ گزینوں کے پاس پی او آر کارڈز موجود ہیں انکو کو ویکیسن لگانے کا عمل جاری ہے اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی اوسی) نے چند روز پہلے ایک اجلاس منقعد کیا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جتنے بھی غیر رجسٹرڈ افغان پناہ گزین پاکستان میں موجود ہیں ان سب کو کورونا کے ویکسین لگائی جائیگی’۔
ان کے مطابق پاکستان میں افغان پناہ گزین کے 54 کیمپ موجود ہیں اور یو این ایچ سی آر نے ان تمام کیمپوں میں کورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کے ساتھ صحت کے بنیادی سہولیات مہیا کئے ہیں جبکہ افغانستان میں سیاسی حالات ابتر ہونے کی وجہ سے یواین ایچ سی آر نے پاکستان میں موجود افغان پناہ گزین کو درپیش وبا کے مسائل پر کھڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اس لیے ہم نے شروع دن سے ہی افغان پناہ گزینوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور ویکسین لگانے کے حوالے آگاہی مہمات شروع کئے ہیں۔