باچا خان کے بعد پشاور کے آصف بشیر بھارتی سول ایوارڈ جیون رکشک کیلئے نامزد
پشاور کے شہری آصف بشیر نے حج کے ایام میں بطور معاون سعودی عرب میں خدمات انجام دیں اور 22 تا 27 جون، دورانِ حج، ایسے تقریباً ساڑھے تین سو حجاج کرام کو فرسٹ ایڈ دی تھی جو شدید گرمی کے باعث جاں بلب ہو گئے تھے۔
پشاور کے شہری نے انوکھا اعزاز اپنے نام کر لیا؛ رہبر خدائی خدمت گار تحریک عبدالغفار خان کے بعد پشاور کے شہری آصف بشیر کو بھارتی حکومت نے سول اعزاز دینے کا اعلان کر دیا، آصف بشیر کو بھارت کے یوم جمہوریہ پر جیون رکشک ایوارڈ دیا جائے گا۔
پشاور کے شہری آصف بشیر نے حج کے ایام میں بطور معاون سعودی عرب میں خدمات انجام دیں اور 22 تا 27 جون، دورانِ حج، ایسے تقریباً ساڑھے تین سو حجاج کرام کو فرسٹ ایڈ دی تھی جو شدید گرمی کے باعث جاں بلب ہو گئے تھے۔
آصف بشیر کے مطابق انہوں نے تقریباً 50 سے زائد لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کی تھی۔ منی کے میدان میں جب گرمی کی شدت کے باعث لوگ مر رہے تھے تو آصف بشیر نے وہاں مردہ قرار دیئے جانے والوں کو بچانے کی کوشش کی اور 50 سے زائد حجاج کو اپنے کاندھوں پر اٹھا کر دو کلومیٹر دور طبی مرکز شفٹ کیا تھا۔ آصف بشیر نے جن کو منتقل کیا ان میں 44 حجاج زندہ بچ گئے تھے جن میں 24 بھارتی اور ایک برطانوی شہری تھا۔ آصف بشیر کی اس بے لوث کوشش کے اعتراف میں بھارتی حکومت نے انہیں سول ایوارڈ جیون رکشک کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ بھارت سرکار کی جانب سے جیون رکشک ایوارڈ ان شہریوں کو دیا جاتا ہے جو کسی بھی حادثے میں شہریوں کی جان بچانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شرپسندوں کی حوالگی پر عدم تعاون: کرم متاثرین کی امداد روک دی گئی
آصف بشیر نے اس حوالے سے کہا کہ یہ اعزاز پورے پاکستان کیلئے ہے۔ انہوں نے کسی کی قومیت کو نہیں دیکھا بلکہ انسانیت کی بنیاد پر سب کی جان بچانے کی کوشش کی: "بھارت میں سٹیٹ گیسٹ کا اعزاز پورے پاکستان کیلئے ہے۔ پشاور جنم بھومی ہونے کے ناطے یہ اعزاز تمام پشاوریوں کے نام کرتا ہوں۔”
بھارتی حکومت کی جانب سے آصف بشیر کو سول ایوارڈ دینے کے اعلان کے بعد حکومت پاکستان نے بھی متعلقہ وزارت سے آصف بشیر کو ایوارڈ دینے کی تفصیل طلب کر لی ہے جبکہ برطانوی شہری کی جان بچانے پر برطانوی حکومت نے بھی کنگ گلنٹری ایوارڈ کیلئے آصف بشیر کو نامزد کر دیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں پوچھا گیا ہے کہ آصف بشیر کو اب تک کسی سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے یا نہیں؟ اگر نہیں کیا گیا ہے تو انہیں اعزاز دینے کیلئے نامزد کیا جائے۔