خیبر میں لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام نے گریڈ اسٹیشن کے اندر دھرنا دے دیا
ضلع خیبر میں بجلی لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام نے گریڈ اسٹیشن کے اندر احتجاجی دھرنا دے دیا۔ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ٹیسکو کے ناروا رویے اور بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج ریکارڈ کرکے لنڈی کوتل گریڈ اسٹیشن کی طرف مارچ کیا۔
بعد ازاں مظاہرین پرامن طریقے سے گریڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے اور احتجاجی دھرنا شروع کردیا لیکن گریڈ اسٹیشن کا عملہ مظاہرین پہنچنے سے پہلے نکل ہوکر غائب ہوگیا۔
اس موقع پر تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری ،شاہ رخمان شینواری ، سمیع اللہ آفریدی، مزدور یونین کے سابق صدر فرمان شینواری ،چیئرمین حاجی خان، چئیرمین نوید بابو، کلیم اللہ، اختر علی، حاجی الیاس نے کہا کہ گزشتہ سال سے ٹیسکو حکام نے لنڈی کوتل عوام کا جینا عذاب بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسکو حکام نے گزشتہ سال لنڈی کوتل عوام کے ساتھ ایک تحریری معاہدہ کیا کہ لنڈی کوتل کے ہر فیڈرز پر دن رات میں چھ گھنٹے بجلی فراہم ہوگی لیکن سال گزرنے کے باوجود بھی معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ سے گھریلو ضروریات سمیت پینے کے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے۔ انہوں نے ٹیسکو چیف سے گریڈ عملے کا تبادلہ کرنے اور پرانے شیڈول کے مطابق چھ گھنٹے بجلی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا۔