باجوڑ ، برساتی نالے میں پھنسی خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش
محمد بلال یاسر
باجوڑ میں خاتون طوفانی برساتی نالے سے گزر کر اسپتال پہنچیں جہاں ان کے ہاں 4 بچوں کی پیدائش ہوئی۔
باجوڑ تحصیل خار کے علاقے سمسئی لوئے سم سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق چار بچوں میں تین لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔بچوں کی پیدائش خار کے شفا سرجیکل سنٹر ہیڈ کواٹر خار میں ہوئی۔ ڈاکٹر رابعہ بصری کا کہنا ہے کہ چاروں بچوں اور ماں کی حالت بہتر ہے۔ ایک ساتھ چار بچوں کی پیدئش پر والدین کی خوشی دیدنی ہے۔ ڈائریکٹر مدینہ میڈیکل سنٹر عمر زادہ کا کہنا تھا کہ تمام بچے آپریشن کے ذریعے ہوئے ہیں، ان میں ایک لڑکا اور تین لڑکیاں ہیں۔
یاد رہے کہ یہ وہ خاتون تھی جس کو ہسپتال لایا جا رہا تھا اور سمسئی کے مقام پر بارش کے باعث نالے میں آنے والے طغیانی میں پھنس گئی تھی جسے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ طریقے سے نکالا اور ہسپتال منتقل کردیا اور اس خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش ہوگئی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چار بچوں کے والد محب اللہ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے مجھے ایک ہی دفعہ چار بچوں سے نوازا ہے۔میں بچوں کی پیدائش اور اُن کے صحت مند ہونے پر نہایت خوش ہوں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب میری بیمار اہلیہ سیلابی ریلے میں پھنس گئی تو میں نہایت پریشان تھا کہ اس کی جان بچ جائے گی یا نہیں مگر اللہ کا کرم ہوا۔ پہلے برساتی نالے سے نکل آئے پھر آپریشن کا مرحلہ مشکل تھا تاہم اب میری اہلیہ اور بچے دونوں تندرست ہیں۔