لائف سٹائل

خیبرپختونخوا میں بارش سے موسم خوشگوار

 

پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد اور خیبر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش دروش میں 18 اور کالام میں 17 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاڑا چنار میں 15،چترال 11٫مالم جبہ 8 اور دیر میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 15 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سوات میں لینڈ سیلائیڈنگ سے بحرین کالام روڈ بند ہوگیا جس سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے روڈ بندش کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلی نے کمشنر ملاکنڈ اور ڈی سی سوات کو سڑک کھولنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سڑک کی بندش کی وجہ سے علاقے میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو درکار سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلی نے صوبے میں جاری بارشوں کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ الرٹ رہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو فوری ریلیف اور بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button