خیبرپختونخوا کے سیکرٹریٹ ملازمین کا نیا مطالبہ سامنے آگیا
شدیدمالی بحران کا شکار صوبے خیبرپختونخوا کے سیکرٹریٹ ملازمین کا نیا مطالبہ سامنے آگیا۔ سیکرٹریٹ ملازمین نے بھی پنجاب اور سندھ طرز پر یوٹیلیٹی الاونس اور ذاتی گھر کا کرایہ مانگ لیا۔
سیکرٹریٹ ملازمین کو یوٹیلٹی الاونس اور ذاتی گھر کا کرایہ دینے کیلئے سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کردی۔
سمری میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی موجودہ صورتحال میں نچلے گریڈ کے ملازمین کیلئے مشکل ہو رہا ہے۔ سمری کے مطابق سول سیکرٹریٹ کے افسروں اہلکاروں کو دیگر صوبوں کی طرز پر یوٹیلیٹی الاونس دیاجائے۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان صوبوں میں سیکرٹریٹ کے ملازمین یوٹیلیٹی الاونس مقررہ شرح پر ہاوس ریکوزیشن کے طور پر حاصل کر رہے ہیں، صوبوں کی مشابہت پر مناسب شرح پر یوٹیلیٹی الاونس اور گھر کی مانگ کا بھی مطالبہ کیاگیا ہے۔
سکیل تین سے 8 سکیل تک ملازمین کیلئے 6ہزار روپے،سکیل9 سے 14 تک 8ہزار روپے، سکیل15 کے ملازمین کیلئے 10ہزار روپے الاونس دیاجائے۔ سکیل سولہ اور سترہ کے ملازمین کیلئے 16ہزار روپے اور سکیل18 سے19 تک 18ہزار روپے تجویز کئے گئے ہیں۔
اس طرح ہاوس ریکوزیشن کیلئے سکیل تین سے9 تک کے ملازمین کیلئے 10 ہزار675 روپے، سکیل10 سے 15 تک کے ملازمین 24 ہزار 56 روپے ماہانہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
سکیل 16 سے 19 تک کے ملازمین کیلئے 40 ہزار روپے ماہوار اپنے ذاتی گھر کا کرایہ لینے کی تجویز دی گئی ہے۔ گردشی سمری صوبائی کابینہ سے منظور ہونے کی صورت میں الاونسز ملازمین کی تنخواہوں میں رواں سال یکم جنوری سے شمار کی جائے گی۔