لائف سٹائل

مردان میں سٹی میئر نے کے ایف سی کو تالہ کیوں لگایا؟

 

عبدالستار

مردان میں سٹی مئیر کی سربراہی میں احتجاجی مظاہرین نے کے ایف سی کو بند کردیا جبکہ چند گھنٹوں بعد انتظامیہ نے دوبارہ کھول دیا۔ مردان سٹی کونسل کے اجلاس میں سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے ممبران سے مطالبہ کیا کہ کیا آپ مردان میں موجود کے ایف سی کو بند کرنا چاہتے ہے جس پر کونسل میں موجود ویلج اور نائیبرہڈ کونسل کے چئیرمینوں نے اتفاق کیا اور نعرہ تکبیر کے نعرے بھی لگائے۔

انہوں نے کہا کہ مردان کے عوام فلسطین میں غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے ظلم کے خلاف مردان میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے جبکہ مردان میں موجود کے ایف سی کو بھی بند کردیا جائے۔

بعد ازاں مردان کے سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے افطاری کے بعد مردان نوشہرہ روڈ پر واقع کے ایف سی کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ سٹی مئیر کی سربراہی میں کثیر تعداد میں احتجاجی مظاہرین کے ایف سی کی عمارت کے سامنے جمع ہوئے اور کے ایف سی کے مین دروازے کو زنجیروں سے بند کرکے تالا لگا دیا۔

اس موقع پر سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے کہا کہ ہم نے سٹی کونسل اجلاس میں قرارداد منظور کیا تھا کہ فلسطین میں جاری ظلم کے خلاف ہم یہودی اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرینگے لیکن اس کے باوجود مردان کے لوگ یہودی مصنوعات خرید رہے ہیں۔

سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے کہاکہ ہم نے کے یف سی کو علامتی طور پر بند کیا ہے تاکہ لوگوں میں اسرائیل کے خلاف بیداری پیدا ہو۔ کے ایف سی کو بند کرنے کے بعد احتجاجی مظاہرین منتشر ہوگئے اور چند گھنٹے بعد کے ایف سی کو انتظامیہ نے دوبارہ خریداری کے لئے کھول دیا۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سٹی مئیر حمایت اللہ مایار کے اس اقدام پر تنقید کی گئی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف صوبے اورعلاقے کی بد نامی ہوگی جبکہ کے ایف سی کی بندش سے کئی لوگ بھی بے روزگار ہونگے۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button