لائف سٹائل

ٹی این این کی خالدہ نیاز نے سیکنڈ جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ اپنے نام کر لیا

 

ٹی این این سے وابستہ خاتون صحافی خالدہ نیاز نے سیکنڈ جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ خالدہ نیاز کو یہ ایوارڈ جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ کی کیٹیگری "ینگ کلائمیٹ جرنلزم” میں دیا گیا۔ ایوارڈز کا اعلان خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا۔
گزشتہ دس سالوں سے صحافت سے وابستہ خالدہ نیاز ٹرائبل نیوز نیٹ ورک (ٹی این این) کے ساتھ بطور آن لائن ایڈیٹر کام کر رہی ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی تین مختلف ایوارڈز جیت چکی ہیں جن میں انٹرنیشنل ایوارڈ بھی شامل ہے۔
سیکنڈ جینڈر کلائمیٹ ایوارڈز کیلئے تین کیٹگریز میں درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ خالدہ نیاز نے ینگ کلائمیٹ جرنلزم میں، قندیل رحمان نے کلائمیٹ ایکشن میں جبکہ عنبرین عارف نے گرین بزنس میں ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

ایوارڈز جیتنے والی تینوں خواتین کو گرانٹ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے کام کو مزید آگے لے کر جا سکیں۔
یہ ایوارڈ ایمبیسی آف فرانس، یورپی یونین ڈیلی گیشن، سفارت خانہ متحدہ عرب امارات، یو این ڈی پی اور سول سوسائٹی کولیشن فار کلائمیٹ چینج کی جانب سے دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں 8 مئی کو ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جیتنے والی خواتین کو ایوارڈز کے ساتھ ساتھ گرانٹ دیا جائے گا۔

اس کلائمیٹ ایوارڈ کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نبردآزما خواتین کے عزم و حوصلے اور قا ئدانہ صلاحیت کو اجاگر کرنا، اُن کی خدمات کا اعتراف، اور ان کو اس سلسلے میں سپورٹ فراہم کرنا ہے۔

سول سوسائٹی کولیشن فار کلائمیٹ چینج کی چیئرپرسن عائشہ خان نے اس حوالے سے بتایا کہ خواتین مستقبل کی چینج میکرز ہیں؛ وہ تحفظ اور پرورش کرتی ہیں، لیکن ان کی صلاحیتوں اور کلیدی کرداروں کو ہمیشہ سماجی اور ثقافتی رکاوٹوں کی وجہ سے تسلیم نہیں کیا گیا ہے: "اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کی طاقت کو تسلیم کیا جائے اور ان کے علم اور ہنر کو موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کے لیے بروئے کار لایا جائے۔”
عائشہ خان نے کہا کہ اگر آج ہم خواتین میں سرمایہ کاری کریں تو کوئی شک نہیں کہ وہ ہمارے کل کو روشن کریں گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button