رشکئی انٹرچینج پر مسافر بس حادثے کا شکار، خاتون جاں بحق
مردان طورو کے قریب رشکئی انٹرچینج پر مسافر حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی بس رشکئی انٹرچینج پر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ اطلاع ملنے پر نوشہرہ، مردان اور صوابی سے ریسکیو ایمبولینسز و میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں۔
مردان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایم ایم سی انتظامیہ نے ہسپتال کے تمام شعبوں کے عملے کو الرٹ کیا تاکہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائے۔ اب تک 35 زخمیوں اور ایک جاں بحق ہونے والی خاتون کو ایم ایم سی منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 10 بچے، ایک 15 سالہ لڑکی سمیت7 خواتین بھی شامل ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہے۔ ہسپتال کے شعبہ سرجری اینڈ الائیڈ سمیت تمام شعبوں کے سینیئر ڈاکٹرز موقع پر موجود ہیں اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔