بارش، خیبرپختونخوا میں مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ ضلع کرم صدہ بازار میں بارشوں سے متاثرہ مکان منہدم ہوگیا۔ ریسکیو نے کارروائی کرکے آٹھ سالہ بچے کی لاش اور چار زخمیوں کو مکان کے ملبے سے نکال دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع کرم کے صدہ بازار میں بارشوں سے متاثرہ مکان منہدم ہوگیا اور کمرے میں موجود پانچ افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو اہلکار اطلاع ملتے ہی موقع ہر پہنچ گئے اور ملبے سے اٹھ سالہ بچے کی لاش اور چاردیگر افراد زخمی حالت میں ملبے سے نکال دئیے اور فوری طور پر صدہ ہسپتال پہنچادیئے۔ ضلع بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے بغیر وقفے کے جاری بارشوں سے کچھے مکانات شدید طور پر متاثر ہوگئے ہیں۔
دیربالا ڈوگدرہ میں برفباری کے باعث مکان کی چھت پر پتھر گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ایک شدید زخمی ہوگیا۔ سوات میں بارش اور برفباری سے فیض آباد میں چھت گرنے سے ایک نوجوان جابحق ہوگیا۔ مالم جبہ میں بجلی کے کھبے گرنے سے بجلی دس گھنٹوں سے معطل ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب لوئر دیر میں رات گئے منڈہ غنم شاہ میں زریف خان نامی شخص کے گھر میں تیز بارش کے دوران کمرے کی چھت گر گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق چھت گرنے سے ملبے تلے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئی، ریسکیو ٹیم نے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے خاتون کی جانبحق ہونے کی تصدیق کردی۔ ضلع خیبر میں برآمدہ گرنے سے 2 خواتین زخمی ہوگئی۔
بارشوں کا یہ سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔