سوات کا زمرد فضل محمد کی طرح ہزاروں لوگوں کے لیے روزگار کا وسیلہ
رفیع اللہ خان
خیبر پختونخوا کا ضلع سوات قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں مختلف قسم کے معدنیات پائےجاتے ہیں تاہم سوات کا زمرد دنیا بھر میں مشہور ہے۔ فضاگٹ، شموزو اور چارباغ میں زمرد کے کان موجود ہے، فضاگٹ اور شموزو کے کان سرکاری جبکہ چارباغ کا زمرد کان شخصی ہے۔ ان کانوں میں مزدور کھدائی کرکے اچھا خاصہ مال نکالتے ہیں تاہم جو ملبہ رہ جاتا ہے وہ بوریوں میں پیک کرکے بھیج دیا جاتا ہے۔ فضاگٹ میں واقع زمرد کان سے مقامی لوگ دریائے سوات کے کنارے ملبہ لاتے ہیں جس میں وہ اپنی قسمت تلاش کرتے ہیں۔
دریائے سوات کے کنارے بیٹھے فضل محمد نے ٹی این این کو بتایا کہ وہ غریب اور بے روزگار ہے اس لئے وہ فضاگٹ کے کان سے سو روپے فی بوری خرید کر دریائے سوات کے کنارے لاتے ہیں اور زمرد کے اس ملبے میں اپنے بچوں کے لئے رزق تلاش کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے اس ملبے میں موجود پتھروں کو مہارت سے کاٹتے ہیں پھر اسے چھان میں ڈال کر اچھی طرح چھانتے ہیں۔ کبھی کبھار چھوٹے ذرے مل جاتے ہیں کبھی خالی ہاتھ لوٹ جاتے ہیں اور اکثر اوقات بڑا ٹکڑا مل جائے تو چھ سے سات ہزار روپے کما لیتے ہیں۔
فضل محمد نے بتایا کہ کائنات میں اللہ پاک کے بے پناہ خزانے موجود ہیں بس اسےتلاش کرنے کی ضرورت ہے انسان کو کچھ نہ کچھ مل ہی جاتا ہے۔ ہم بھی اس کوشش میں ہوتے ہیں کہ ایک دن ہماری بھی تقدیر بدل جائے گی۔
ان کا بتانا ہے کہ اب میرے پاس زمرد کے چھوٹےچھوٹے ذرے موجود ہے لیکن میں نے ابھی بیچے نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم یہ لوکل مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں۔ بڑے پتھر مل جائے تو وہ بھی یہاں بیچ دیتے ہیں پھر مین ڈیلرز اسے بیرونی ممالک میں اچھی خاصی قیمت پر فروخت کر لیتے ہیں۔
فضل نے بتایا کہ سوات کا زمرد دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن سوات کے زمرد زیادہ تر بھارت، فرانس، دوبئی اور بینکاک میں فروخت کئے جاتے ہیں۔ فضل کی طرح دیگر لوگ بھی رزق کی تلاش میں قسمت آزمائی کر رہے ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ سوات کا زمرد نا صرف اعلیٰ معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے بلکہ مناسب قیمت کی وجہ سے بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔ ملک بھرکی طرح بیرونی ممالک سے آنے والے سیاح جب بھی ہینڈی کرافٹس کی دکانوں کا رخ کرتے ہیں تو وہ یہاں چمکتے دمکتے زمرد کے پتھر خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔