گومل یونیورسٹی: چھاتی کا سرطان، ‘بروقت تشخیص سے علاج ممکن ہے’
دنیا بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان اور اس سے بچاؤ کے متعلق آگاہی کے طور پر منایا جارہا ہے۔
اسی تناظر میں گومل میڈیکل کالج میں چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر نرگس نومان میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایچ او ڈی پیتھالوجی ڈاکٹر سجاد بلوچ کی زیر نگرانی اور جملہ لیڈی ڈاکٹرز کی مشترکہ کاوش سے خواتین میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کیلئے کے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیکل کالج کی ڈین ڈاکٹر نسیم صباء نے کہا کہ چھاتی کے سرطان پر قابو پانے کے لیے آگاہی بہت ضروری ہے اور خواتین کو اپنا طبی معائنہ کرتے رہنے سے اس کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی صحت کی بنیادی آگاہی ہر طالبہ کا حق ہے، اب جبکہ چھاتی کا سرطان پاکستان میں بھی پھیل رہا ہے لیکن مکمل آگاہی اور اس کی وجہ سے بروقت تشخیص سے اس بیماری کو شکست دی جاسکتی ہے۔
میڈیکل ایجوکیشن کی پروفیسر ڈاکٹر نرگس نومان کی دعوت پر کنکورڈیاکالج سعید احمد اختر کیمپس اور ڈگری 2 کالج کی طالبات نے خصوصی طور پہ شرکت کی اور ڈاکٹرز کے ساتھ مل کے چھاتی کے سرطان کے غریب اور نادار مریضوں کے علاج کیلئے مختلف تفریحی اور فاسٹ فوڈ سٹالز کے زریعے فنڈ اکٹھا کیا۔
ڈاکٹرز اور طلباء نے اس کمپین میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قابل ذکر فنڈ اکٹھا کیا جو ان مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ طالبات اور طلباء کو معلوماتی پمفلٹ بھی دئیے گئے جبکہ انہوں نے دلچسپی سے موضوع پر توجہ دی۔
کنکورڈیا اور ڈگری 2 کالج کے طلبہ کو چھاتی کے سرطان کے اپنی طرز کے پہلے سیمینار میں خصوصی طور پر شرکت کرنے پر گومل میڈیکل کالج کی جانب سے تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔