لائف سٹائل

ضم اضلاع میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ‘وشو’ ایپ متعارف

خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کی غرض سے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے سافٹ وئر ایپ تیار کی گئی ہے۔

مذکورہ ایپ کو پشتو زبان کے لفظ "وشو ” کا نام دیا گیا ہے جس کے معنی ہیں "ہوگیا”۔ یہ ایپ پہلے مرحلے میں ضم ضلع اورکزئی میں آزمائشی بنیادوں پر زیر استعمال لائی جائے گی اور بعد میں دیگر تمام ضم اضلاع میں متعارف کرائی جائے گی۔ اس منصوبے کو خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبدللہ نے ضم اضلاع کی ترقی کے سفر میں ضروری قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے شہری صفائی وستھرائی، حفظان صحت اور دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی سے متعلق اپنی شکایات موبائل کے ذریعے انتہائی آسانی سےضلعی انتظامیہ کے علم میں لائیں گے اور ان کا بروقت ازالہ کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ مذکورہ ایپلیکیشن ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ اور ان کی ٹیم نے تیار کی ہے اور اس کا باضابطہ افتتاح گزشتہ روز کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمد علی شاہ نے اپنے دفتر میں کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد طیب عبداللہ نے اس موقع پر منصوبے کے اغراض ومقاصد، اس کی اہمیت اور شہریوں کو اس کے ذریعے فراہم ہونے والی ممکنہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

ایپ کی اہمیت کے حوالے سے کمشنر نے بتایا کہ ایپ کوہاٹ ڈویژن کو سر سبزوشاداب اور صاف ستھرا بنانے کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے اور اس کی کامیابی کے بعد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں اسے اپنایا جائے گا۔

ڈی سی اورکزئی نے اس موقع پر بتایا کہ "وشو” ایپ پورے ملک اور صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے جس کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ایک کلک کے ذریعے شہری بلدیاتی خدمات حاصل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اپنی شکایات پہنچا سکیں گے اور انکا بروقت ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایپ ابتدئی طور پر گندے پانی کے نکاس، کچرا اور سڑک کے کنارے ملبے یا تعمیراتی مواد کو ہٹانے جیسے بلدیاتی خدمات سے متعلق تصاویر اپ لوڈ کرنے کی سہولت دے گی اور اس طرح ضلعی انتظامیہ ان مسائل کے حل کیلئے بلدیہ اورمواصلات وتعمیرات کے محکموں کو زمہ داریاں تفویض کرے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button