مراکش میں زلزلے کے نتیجے میں 632 افراد جاں بحق
مراکش میں 6.8 شدت زلزلے کے جھٹکے میں 632 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور درجنوں تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مراکش میں آنے والے شدید نوعیت کے زلزلے سے عمارتیں لرز کر رہ گئیں اور کئی شہروں میں نقصان ہوا، متعدد عمارتیں گر گئیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز مراکش سے 44 میل دور جنوب مغرب تھا اور گہرائی زیر زمین 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مراکش کی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ساحلی شہروں رباط، کاسا بلانکا اور ایساویرا میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے آیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاحال درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عوام گھروں میں جانے کے بجائے سڑکوں اور کھلے مقامات پر آ گئے ہیں۔
حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں جبکہ درجنوں عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا گیاہے اور عوام سے اسپتالوں میں خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔