نوشہرہ میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج، مانسہرہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال
ضلع نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں عوام نے بجلی کے بلوں میں اضافے اور بھاری ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
شدید گرمی کے باجود سینکڑوں مشتعل عوام سٹکوں پر نکل آئے۔ احتجاجی مظاہرے میں نوجوانوں کے ساتھ بزرگ شہری بھی شریک تھے۔ مظاہرین نے پشاور اور راولپنڈی جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو بلاک کر دیا تھا۔
مظاہرین واپڈا کےخلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ظالمانہ ٹیکس ختم نہیں کیا جاتا بل جمع نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے اضافی بل برداشت سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کریں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
دوسری جانب مانسہرہ میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف انجمن تاجران کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
انجمن تاجران نے پورا ضلع جام کردیا، تمام بازاریں و تجارتی مراکز بند کرا دئیے گئے۔ شہر سمیت ضلع بھر میں تمام کاروباری مراکز مکمل بند ہے۔
ضلع بھر میں صرف تندور شاپس اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔ تاجران کی بڑی تعداد مرکزی چوک میں جمع ہو گئے۔
انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ واپڈا کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔
خیال رہے گزشتہ چند روز سے ملک کے کئی حصوں میں عوام بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔