لائف سٹائل

پشاور: بجلی کے بلوں میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج، مظاہرین نے بلز جلا دیے

پشاور میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے اور زیادہ ٹیکسز کے خلاف شہری اور تاجر برادری سڑکوں پر نکل آئے۔

پشاور کے علاقے گنج گیٹ کے مقامی سیکڑوں شہریوں اور تاجروں نے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے واپڈا (پسکو) اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی جبکہ اس موقع پر مظاہرین نے سرکلر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

احتجاج کے دوران کئی مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو نظر آتش کردیا۔ اس موقع پر تاجروں و عوام کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک میں مہنگائی عروج پر ہے تو دوسری طرف واپڈا کی طرف سے بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ کرکے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوام ان حالات میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے اور زیادہ ٹیکسز برادشت کرنے کی قوت نہیں رکھتی اس لیے ان میں کمی کی جائے۔

مظاہرین نے حکومت سے بجلی کے بلوں میں ہونے والے اضافے اور زیادہ ٹیکسز کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عوام کے پاس زیادہ بلز جمع کرنے کے پیسے نہیں ہے جبکہ بعض لوگ بلز ادا کرنے کے لیے گھریلوں اشیاء فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں لہذا حکومت ان پر رحم کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پشاور کے خٹک پل اور جمیل چوک سمیت کئی مقامات پر بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے اور ٹیکسز کے خلاف عوام نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے تھے جن میں کئی مظاہرین کے احتجاجی طور پر بجلی کے بلوں کو جلا دیے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button