لائف سٹائل

ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث نجی بینکس بند، عوام مشکلات سے دوچار

 

عصمت شاہ

ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث متعدد نجی بینکوں نے اپنی خدمات عارضی طور پر بند کردیں۔ بینک بندش سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کاروباری حضرات کو لین دین میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بینک گیٹس پر تین دن بینک بند رہنے کا نوٹس آویزاں کردیا گیا، بینکوں کے ساتھ اے ٹی ایمز کو بھی بند کیا گیا۔ اس حوالے سے ٹی این این نے بینک کے ایک سیکیورٹی گارڈ سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ دو دن پہلے نجی بینک پر حملے کے باعث بینکوں کو بند کیا گیا ہے۔

نجی بینک الحبیب کے ایک ملازم نے ٹی این این کو بتایا کہ دو ہفتے پہلے تمام بینکوں کو دھمکیاں ملی تھی اور اس کے علاوہ دو دن پہلے ایک نجی بینک پر حملہ بھی ہوا ہے جس کی وجہ سے ہیڈ آفس کے حکم پر تین دن کیلئے عارضی طور پر بینک کو بند کردیا گیا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ ٹانک میں بینکوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب ضلعی پولیس ٹانک نے حالیہ خطرات کے پیش نظر بینکوں کی سیکورٹی اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بینکوں کا وزٹ کیا۔
حالیہ تھریٹس اور دہشت گردی کے واقعات کے پیشِ نظر افسران بالا کی ہدایات کی روشنی میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹانک عبدالرشید خان نے ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ سٹی مہتاب خان کے ہمراہ ٹانک سٹی میں قائم تمام سرکاری و نجی بینکوں کا وزٹ کرکے سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام بینکوں کے منیجرز کیساتھ ملاقات کرکے موجودہ خطرات و خدشات سے آگاہ کرکے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی تلقین کی۔

اس موقع پر انہوں نے بینکوں میں لگے ایمرجنسی الارم، SOS کال الرٹ اور خفیہ کیمروں کے نظام کا بھی جائزہ لے کر ان تمام سکیورٹی آلات کو دن رات فعال رکھنے اور ان کی پراپر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات دیں۔

اسی طرح انہوں نے بینکوں کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سمیت پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کے لئے بناۓ گئے مورچے بھی چیک کئے جن کو مزید مضبوط بنانے اور دوران ہنگامی صورتحال درست آڑ لینے کی بھی عملی پریکٹس کروا کر ان کے پاس موجود اسلحے کی صفائی کا بھی جائزہ لیا۔

ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نے متعلقین کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے، اسلحہ کے درست استعمال اور ہمہ وقت مورچے کے اندر مکمل چوکنا رہنے کے ہدایات بھی جاری کر دیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بینک میں آنے جانے والے افراد کی خوش اخلاقی اور نرم گفتار کے ساتھ مکمل جامہ تلاشی لینے کی ہدایت کی اور ضلعی پولیس کی طرف سے بروقت اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ دو دن پہلے نامعلوم افراد نے ٹانک کے مین بازار میں ایک نجی بینک پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور پولیس سپاہی ریاض بیٹنی موقع پر جانبحق اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا.
ٹانک کے ایک تاجرشاہ صاحب نے بینکوں کی بندش پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے ٹی این این کو بتایا کہ بینکوں کی بندش سے تاجر برادری کے کاروبار پر بہت برا اثر پڑے گا انہوں نے حکومت سے مسئلے کو حل کرنے کی اپیل کی تاکہ کاروبار معمول کے جاری رہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button