جاوید آفریدی کا بٹگرام واقعے کے ہیروز کو نوکری اور انعام دینے کا اعلان
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بٹگرام چئیرلفٹ واقعے کے ہیروز صاحب خان اور ساتھی کے لیے نوکری اور انعام کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں جاوید آفریدی نے کہا کہ صاحب خان اور معاونین نے مشکل حالات میں جو ہمت اور بہادری دکھائی ہے وہ سب کے لیے مثال ہے، بہادر نوجوانوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچاکر جہاں انسانیت کی مدد کی وہیں پوری قوم کو خوشی کے لمحات فرایم کیے۔
Incredible Sense of Bravery & Belief.
Example of their Courage & Bravery is a Lesson to us all.I'd be happy to help them with some job options for both the individuals & their relative plus a surprise award for them. https://t.co/f9MQQQndL9
— Javed Afridi (@JAfridi10) August 23, 2023
جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ صاحب خان اور ان کے ساتھی کو اس بہادری پر بطور انعام ملازمت اور سرپرائز ایوارڈ دینا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل ریسکیو آپریشن میں ہیرو قرار دیے جانے والے صاحب خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پہلے ان کے دادا، پھر والد بھی ڈولی میں پھنسے لوگوں کو بچانے کا کام کرتے تھے، پھر انہوں نے بھی یہی کام شروع کیا۔
صاحب خان نے حکومت سے نوکری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوکری نہیں دے سکتے تو سامان فراہم کردیں تاکہ لوگوں کی جانیں بچائی جاسکیں جبکہ سکول کے ہیڈ ماسٹر اور دیگر طالب علموں نے حکومت سے سڑک بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ 22 اگست کو بٹگرام کے گاؤں الائی میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں سکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے تھے، بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے سکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔
تاہم پاک فوج، ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد نے طویل جدوجہد کے بعد تمام افراد کو بچا لیا۔