لائف سٹائل

خیبرپختونخوا گڈز ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی

 

عبدالستار

خیبرپختونخوا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو  مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم اس فیصلے کو دس دن کے اندر واپس لے بصورت دیگر پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال شروع کی جائیگی۔

اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت خان نے مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نگران وزیر اعظم کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے۔ انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعظم نے ابھی تک کابینہ بھی نہیں بنائی اور اوپر سے عوام پر پٹرولیم کا بم گرادیا۔

اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری سکندر خان اور دیگر ضلعی عہدیدار بھی موجود تھے۔

صوبائی صدر لیاقت علی خان نے کہا کہ پہلے سے گڈز ٹرانسپورٹرز اور دیگر جتنے بھی ٹرانسپورٹرز ہیں وہ پہلے سے مختلف قسم کے ٹیکسز ادا کر رہے ہیں اور اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر انڈسٹری ایسوسی ایشن ،تاجر برادری اور ٹینکرایسوسی ایشن کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا ہے اور اس ظالمانہ اضافے کے خلاف دس دن کے اندر پورے ملک میں تحریک چلائینگے اورلوگوں کی آگاہی کے لئے مختلف شہروں میں پریس کانفرنسز کی جائیں گی۔

اس موقع پرخیبرپختونخوا کے گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری سکندر خان نے کہا کہ کہ پہلے سے ٹرانسپورٹرز برادری پٹرول اور ڈیزل کی زیادہ قیمتوں سے تنگ آچکے ہیں اور اب مزید مہنگا کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دس دن کے اندر اگر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو اس فیصلے کے خلاف ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن اعلان جنگ کرے گی اور موٹرسائیکل، لوڈر اور چنگ چی بشمول تمام ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز سڑکوں پرنکل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ اضافہ سے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے نقصان اٹھایا ہے۔

خیبرپختونخوا گڈز ایسوسی ایشن نے نگران وزیر اعظم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ دس دن کے اندر اندر پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ واپس لے اور اگر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا توتمام ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button