مرحوم عبدالطیف آفریدی اور جج آفتاب آفریدی کی دشمنی دوستی میں بدل گئی
ضلع خیبر کے علاقے باڑہ سے تعلق رکھنے والے مرحوم ایڈووکیٹ و صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی اور مرحوم جج آفتاب آفریدی کے خاندانوں کے مابین عرصہ دراز سے جاری خونی دشمنی دوستی میں بدل گئی اور مخالفین آپس میں بغل گیر ہو گئے۔
اس سلسلے میں آج رینگ روڈ پر واقع نجی شادی ہال میں جرگہ ممبران نے دونوں فریقوں کے مابین جرگہ کرکے دشمنی کو دوستی کو بدل دیا۔
تفصیلات کے مطابق باڑہ بر قمبر خیل کے ذیلی شاخ ونڈ گری کندے ترکی خیل سے تعلق رکھنے والے مرحوم ایڈووکیٹ و صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف لالا اور مرحوم جج آفتاب آفریدی کے خاندانوں کے مابین دشمنی میں تقریباً 8 افراد قتل ہوئے جس میں زیادہ تر وکلاء شامل تھے۔
صلح کے موقع پر باڑہ سے تعلق رکھنے والے سابق پارلیمنٹیرینز، سیاسی اور سماجی افراد سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی جس میں سماجی لوگوں نے تمام جرگہ ممبران بالخصوص عبدالرازق آفریدی المشہور سفیر امن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عبدالرازق آفریدی نے اب تک درجنوں ایسے خونی دشمنیاں ختم کی جس میں مجموعی طور پر ایک سو سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔