چترال: جاپانی کوہ پیماؤں نے 22 سال بعد ترچ میر چوٹی سر کر لی
چاپانی کوہ پیماؤں نے خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں واقع کوہ ہندوکش پہاڑی سلسلہ ترچ میر چوٹی کو سر کر لیا۔
چترال کے مقامی گائیڈ اور کوہ پیما صاحب عرفان کے مطابق تین جاپانی کوہ پیماؤں نے منگل کی رات کو ترچ میر چوٹی سر کر لی ہے جبکہ مذکورہ ٹیم میں دو مرد اور ایک خاتون شامل تھیں جن کے ہمراہ چترال کے مقامی کوہ پیما صاحب عالم بھی شامل تھے۔
صاحب عرفان کے مطابق چترال میں واقع اس چوٹی کو تقریبا 22 برس بعد سر کر لیا گیا ہے جبکہ جاپانی کوہ پیماؤں کی کامیاب سمٹ ایڈونچر ٹوارزم کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔
ان کے بقول جاپانی کوہ پیما چوٹی سر کرنے کے بعد واپس بیس کیمپ پہنچ گئے ہیں جہاں واپسی پر کوہ پیماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
صاحب عرفان کا کہنا ہے کہ جاپانی کوہ پیما چوٹی سر کرنے کے لیے بہت پرجوش تھے۔ ان کے مطابق چترال ایڈونچر ٹوارزم کے لیے بہترین جگہ ہے جبکہ اس کامیاب سمٹ کے بعد ترچ میر سمٹ کے لیے مزید غیرملکی کوہ پیما بھی چترال کا رخ کریں گے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں واقع سلسلہ کوہ ہندوکش ترچ میر چوٹی کی بلندی 7 ہزار 708 میٹر ہے جبکہ اس چوٹی کو کوہ ہندوکش کا سردار بھی کہا جاتا ہے۔ ترچ میر پریان زوم یعنی پریوں کے پہاڑ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
یہ چوٹی دنیا کی 33 ویں بلند ترین چوٹی ہے۔ اس چوٹی کو سب سے پہلے ناروے کے کوہ پیما نے 1950 میں سر کیا تھا جبکہ اس کو سر کرنے کے لیے کوہ پیما کو باقاعدہ این او سی لینا پڑتا ہے۔