مانسہرہ میں مکان پر تودہ گرنے سے ماں تین بچوں سمیت جاں بحق
ناصر زادہ
مانسہرہ میں گزشتہ رات طوفانی بارش کی وجہ سے نواحی علاقے شاہ کوٹ میں مکان پر تودہ گرنے سے ماں اور تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ مقامی شخص محمد خورشید نے ٹی این این کو بتایا کہ گزشتہ رات مانسہرہ ایبٹ اباد اور گرد نواخ میں طوفانی بارش ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ مانسہرہ اور گردونواح میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے نتیجے میں نواحی علاقے شاہ کوٹ پوٹھہ میں محنت کش دمین کے کچے مکان پر تودہ گرگیا جس سے مکان میں سوئی ہوئی 36 سالہ بیدار بی بی اپنے تین بچوں سمیت دب کر جاں بحق ہو گئی۔ جاں بحق ہوئے والے بچوں میں 12سالہ عبدالجبار، 4سالہ عبدالستار اور ڈھائی سالہ علیمہ شامل ہیں۔ مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں کو ملبے سے نکالا۔
مقامی شخص عاطف نے بتایا کہ جاں بحق افراد کا تعلق مردان کے علاقہ تخت بھائی سے ہے تاہم محنت مزدوری کی عرض سے مانسہرہ شاہ کوٹ میں کچے مکان میں رہائش پذیر تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بارش کا پانی ایبٹ اباد میں ایوب میڈیکل کمپلکس کے سرجیکل وارڈ میں بھی داخل ہوا تھا جہاں سے مریضوں کو دوسرے وارڈ میں شفٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ موسلادھار بارش کا پانی اور متعدد گھروں میں بھی داخل ہوا تھا لیکن اس سے جانی نقصان نہیں ہوا۔