لائف سٹائل

خیبر پختونخوا: بارشوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 دنوں میں تیز بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے حادثات کے نتیجے میں 15 افراد جاں حق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں جن میں جاں حق افراد کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پرووینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 83 گھروں کو جزوی جبکہ 12 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے متاثرین کو پالیسی کے مطابق ریلیف کمپنسیشن فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

عبدالباسط نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے 6 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان تیمور علی نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کو 10 لاکھ روپے، حادثات میں شدید زخمی ہونے افراد کو 2 سے 3 لاکھ روپے جبکہ معمولی زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق قدرتی آفات میں 2 یا 2 سے زیادہ کمروں پر مشتمل تباہ شدہ گھر کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گےجبکہ ایک کمرے والے تباہ شدہ مکان کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس گھر کا صرف ایک کمرہ تباہ ہوا ہو ان کو 80 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ قدرتی حادثات میں اگر کسی گھر کی چار دیواری گر گئی ہو تو ان کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button