لائف سٹائل

امریکہ کا ضم اضلاع میں عورتوں کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت سے اشتراک

 

امریکی حکومت خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنز میں اراضی کھاتوں اور ان کی رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور درستگی، اقتصادی نمو کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت کے ساتھ اشتراک کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روزمنعقدہ ایک تقریب میں جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شرکت کی۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے صوبے کے بورڈ آف ریونیو کو پچاس لاکھ ڈالر مالیت کا سامان فراہم کیا جس کے بعد محکمہ کی اراضی کی درست پیمائش کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہو گا۔

امریکہ نے صوبائی محتسب کے عملے کو با اختیار بنانے کے لیے ایک نئی شراکت کا بھی اعلان کیا جس کے تحت محتسب کے دفتری عملے کو خواتین کے حقوق اور اراضی کے تصفیہ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی تربیت فراہم کی جائیگی۔ اس عمل کا مقصد جائیداد اور وراثت کے حوالے سے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں محتسب کے کلیدی کردار کے بارے میں آگہی پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بورڈ آف ریوینیو کے سینئر ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی معاونت سے ، صوبائی بورڈ آف ریونیونئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح اراضی کے ریکارڈ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں رُونما ہونگی اور کارکردگی، درستی اور سہولت کی وجہ سے ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

خیبر پختونخوا کے اپنے دورہ کے دوران سفیر بلوم نے انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ نوشہرہ میں حال ہی میں ایک کروڑ بہّتر لاکھ ڈالر مالیت سے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے جوائنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔

اس سینٹر کے افتتاح سے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء اِنفورسمنٹ آفیئرز ( آئی این ایل) کی مالی اعانت سے جاری بارہ برسوں پر محیط یہ پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچ گیا جس پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی جانب سے عمل درآمد نے ایک وقت میں ٹریننگ سینٹر کی تربیتی صلاحیت کو سترہ سو افراد تک بڑھا دیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ سینٹر آئی این ایل کی جانب سے اب تک پاکستان میں سب سے بڑا تعمیراتی منصوبہ ہے۔ اس منصوبہ کے تحت، تدریسی عمارتوں، ہیلتھ یونٹ، عورتوں اور مردوں کے ہوسٹل اور متفرق مقاصد پر مبنی ہال سمیت پچھتر عمارتیں تعمیر کی گئیں۔

سفیر ڈونلڈ بلوم اور آئی جی پولیس اختر حیات نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے جس کے تحت خیبر پختونخوا کی پولیس کو تِیس لاکھ ڈالر مالیت کی بکتربند گاڑیاں، بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر سفیر بلَوم نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے  دیرپا مثبت اثرات مرتب ہونگے اورخیبر پختونخوا کے دُور افتادہ اور کمزور انتظامی کنٹرول  والے علاقوں میں نفاذِقانون کو موثر بناکر تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button