عالمی بینک وفد کا مختلف کمیونٹی انفراسٹرکچر منصوبوں کا دورہ
ورلڈ بینک نے ضلع خیبر ، پشاور اور نوشہرہ میں پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ کے مکمل اسکیموں کا تفصیلی ٹیکنیکل جائزہ مکمل کیا۔ یہ سرگرمی دو روز پر محیط اسکیموں کے دورے اور پروگریس اپ ڈیٹ پر تبادلہ خیال پر مشتمل تھا۔ ورلڈ بینک کے اس وفد کو پراجیکٹ ڈائریکٹر شکیل احمد کی قیادت میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور پروجیکٹ امپلیمینٹیشن یونٹ نے ہفتہ بھر پر محیط اس سرگرمی میں معاونت فراہم کی۔ ورلڈ بینک کے وفد نے لنڈی کوتل، بڈھ بیر اور جلوزئی میں پروجیکٹ ٹارگٹ ایریاز میں مکمل ہونے والے کمیونٹی انفراسٹرکچر کے مختلف ذیلی منصوبوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی اقدامات سے مستفید ہونے والی مقامی آبادی سے بھی بات چیت کی۔
ٹیکنیکل جائزے کا آغاز پی سی ایس پی کے مختلف امور پر پیش رفت پر بریفننگ سے ہوا۔ اب تک 165 منظور شدہ کمیونٹی انفراسٹرکچر کے ذیلی منصوبوں کی منظوری ہو چکی ہے جن میں 50 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔ خیبر پختونخوا کے خیبر، پشاور اور نوشہرہ میں اب تک 1,372 ملین روپے کی لاگت آئے گی اور ان سے تقریباً 548,752 افراد مستفید ہوں گے۔ مجموعی طور پر 83 ذیلی منصوبے جون 2023 کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے، جبکہ 165 منصوبوں کا ہدف ستمبر 2023 کے آخر تک حاصل کر لیا جائے گا۔
اس ٹیکنیکل جائزہ مشن کے فیلڈ کمپوننٹ کے دوران، ورلڈ بینک کے وفد نے خیر سگالی کے طور پر مکمل ہونے والی کچھ اسکیموں کا دورہ کیا، جن میں ضلع پشاور کے بڈھ بیر اور خیبر کے لنڈی کوتل میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکولوں اور بنیادی صحت کے یونٹس شامل ہیں۔ خیر سگالی اسکیموں کے علاوہ وفد نے ضلع نوشہرہ کے جلوزئی میں مکمل شدہ کمیونٹی انفراسٹرکچر کے لنک روڈ، گلیوں کی فرش بندی اور پانی کی فراہمی جیسے اسکیموں کا بھی دورہ کر کے کمیونٹی کے ان نمائندوں سے ملاقات کی جو ترقیاتی سرگرمیوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد میں براہ راست شامل تھے۔ ورلڈ بینک وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران مقامی آبادی نے بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے فوائد کے حوالے سے کاسا-1000 کی اہمیت پر روشنی بھی ڈالی جسے پی سی ایس پی کے تعاون سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس سرگرمی میں پراجیکٹ کے ٹیکنیکل جائزے میں دیگر اہم پہلوؤں کا بھی احاطہ کیا گیا جن میں مکمل شدہ ذیلی منصوبوں کی دیکھ بھال، کمیونٹیز کی استعداد کو بڑھانے کے لیے تربیتی نشستیں، پروجیکٹ کی رسائی کے لیے کمیونیکیشن سپورٹ اور خواتین اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔ پی سی ایس پی نے ورلڈ بینک کی ٹاسک ٹیم کے تعاون سے خیبر اور پشاور کے پروجیکٹ کے علاقوں میں کمیونٹی سکور کارڈ کی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا۔ کمیونٹی سکور کارڈ کے ذریعے، کمیونٹیز سے پی سی ایس پی کی مدد سے خیر سگالی کے طور پر بحال شدہ گرلز پرائمری سکولوں اور سول ڈسپنسری کے معیار کے بارے میں رائے لی گئی جو لنڈی کوتل کے نکی خیل اور سلطان خیل کے علاقوں کے ساتھ ساتھ مریم زئی کے علاقے میں مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔