"دھرنوں کی وجہ سے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے”
خالدہ نیاز
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو عوام نے سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس سے مہنگائی کے ستائے لوگوں کو کسی حد تک ریلیف مل جائے گا، تاہم بعض افراد نے اس کمی کو ناکافی قرار دیا ہے۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے ٹیکسی ڈرائیور علی خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اچھا اقدام کیا ہے تاہم ایسا کچھ دن پہلے ہونے والے دھرنوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو اس سے پہلے عوام کی کوئی فکر نہیں تھی لیکن جب عوام نے اپنے حق کے لیے آواز اٹھائی تو حکومت کو بھی عوام کا خیال آیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ثٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی لائے جائے کیونکہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
مردان سے تعلق رکھنے والی پرائیویٹ سکول کی ٹیچر رعناز نے اس حوالے سے ٹی این این کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کام کرنے والی خواتین کو بہت فائدہ ملے گا کیونکہ جب حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کیا تھا تو ڈرائیورز نے بھی کرایوں میں اضافہ کیا تھا جبکہ تنخواہیں وہی تھی جس کی وجہ سے انکا خرچہ زیادہ ہوتا تھا لیکن اب قیمتوں میں کمی سے کرایوں میں بھی کمی ہوگی جس کا فائدہ کام کرنے والی خواتین کو بھی ہوگا۔
رعناز نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ جو خواتین یا باقی لوگ اپنی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں تو انکو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں کمی کا فائدہ ہوگا کیونکہ لوگ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرتے ہیں اور روزانہ پٹرول ڈلواتے ہیں تو ان کو اس کمی سے ضرور ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب پشاور کی رہائشی فوزیہ نے اس کمی کو ناکافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اچھا اقدام ضرور ہے تاہم حکومت کو چاہیے تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 40 یا 50 روپے کمی کرتے کیونکہ اضافہ تو بہت زیادہ کیا جاتا ہے لیکن کمی جب کی جاتی ہے تو محض چند روپے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آٹا، چینی، گھی اور باقی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آجائے گی۔
خیال رہے وفاقی حکومت نے گزشتہ رات آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 270 روپے فی لیٹر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے کمی کے بعد 258 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 12 روپے کمی کے بعد 152 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوچکا ہے اور وزارت خزانہ نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ امید ہے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے دیگراشیا کی قیمتوں میں کمی ہوگی لہٰذا ٹرانسپورٹرز سے بھی گزارش ہے کہ اب کرایوں میں کمی کی جائے۔