‘منافع نہیں ریلیف’ : اپر دیر میں تاجروں نے رعایتی نرخ مقرر کرکے مثال قائم کر دی
زاہد جان دیروی
اپر دیر کے علاقے شرینگل میں تاجروں نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے لئے سبزی، پھل، مرغی اور دیگر اشیائے خوردنوش کی خریداری کے لئے رعایتی نرخ مقرر کرکے مثال قائم کر دی۔
انجمن تاجران شرینگل بازار کے صدر حاجی سعید کے مطابق رمضان المبارک میں تاجروں کو زیادہ کمانے کا فکر ہوتا ہے تاہم اس بار ہم نے ایک مثبت سوچ کو اپناتے ہوئے زیادہ منافع کرنے کے بجائے کم منافع کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تاجروں کے متفقہ فیصلے کے بعد بازار کے متعدد دکانوں میں عوام کو سبزی، پھل، مرغی اور دیگر اشیائے خوردنوش 10 فیصد کے رعایتی نرخ پر مل رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں ہم نے چھوٹے دکانداروں کو نقصان سے پچانے کے لئے پالیسی بھی ترتیب دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘سستی روٹی تندور’ جہاں 20 روپے کی روٹی ساڑھے سات روپے میں ملتی ہے
دوسری جانب شہریوں نے تاجروں کے اس قدام کو سہراتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر یہ ایک چھوٹی سی کاوش ہے لیکن اگر ہم سب اس طرح کے چھوٹے چھوٹے کاوشوں کو اپنائے تو یہ دوسروں کے لئے بھی کارگر ثابت ہوگا۔
مقامی شخص شیخ مجیب کے مطابق پاکستانی معاشرے میں جہاں رمضان المبارک کے دوران گنگا ہمیشہ التا بہتی ہے وہی شرینگل میں معمولی لیکن اچھی کاوش کی کرن نے لوگوں میں ایک جذبہ ابھار دیا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ تمام دکانداروں کو سرکاری ریٹس پر عملدرآمد یقینی بنانے کا پابند کرے تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل جائے۔
ادھر ڈپٹی کمشنر اپر دیر گوہر زمان نے تاجروں کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ دیگر علاقوں کے تاجر اور دکانداروں کو بھی چاہئے کہ وہ اس طرح کی سوچ اپنا کر اپنے علاقے کے عوام کو ریلیف فراہم کریں کیونکہ ہر اچھے کام کے بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بازار کا دورہ کرکے خصوصی رعایت کے لئے مختص دکانوں کا معائنہ کیا اور مطمئن ہونے انہیں خراج تحسین پیش کی۔