لائف سٹائل
سانحہ تاندہ ڈیم: ڈوبنے والوں میں 10 بچے جاں بحق
کوہاٹ: تاندہ ڈیم کی سیر کے لیے آنے والے افراد کی کشتی ڈوبنے سے 10 بچے جاں بحق ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر فرقان اشرف کے مطابق تاندہ ڈیم میں ڈوبنے والی کشتی میں سوار 17 بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 10 بچے دم توڑ گئے جبکہ باقیوں کی تلاش جاری ہے۔
فرقان اشرف نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اس سے قبل ڈی سی کوہاٹ فرقان اشرف نے تاندہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سیر کے لیے آئے ہوئے افراد کی کشتی ڈوب گئی ہے۔
فرقان اشرف نے بتایا کہ کشتی میں 30 افراد سوار تھے جس میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی، پشاور سے غوطہ خوروں کی ٹیم طلب کر لی گئی ہے جو ٹیم ایک سے دو گھنٹے میں موقع پر پہنچ جائے گی۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ بظاہر لگتا ہے کہ کشتی اوورلوڈ تھی، تاہم وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق وہ جلد ہی ڈیموں میں نہانے پر پابندی عائد کریں گے۔