لائف سٹائل

بارش اور برفباری: قلعہ عبداللہ کے متاثرین سیلاب کی مشکلات میں اضافہ

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبدااللہ کی تحصیل دوبندی توبہ اچکزئی میں ایک بار پھر بارش اور برفباری نے پہلے سے مشکلات سے دوچار مقامی لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

گزشتہ ایک ہفتہ سے پورے ضلع میں بارش اور برفباری کی لڑی شروع ہے تاہم سب سے زیادہ بارش اور برفباری تحصیل دوبندی توبہ اچکزئی میں ہوئی ہے۔

محکمہ موسیات کے مطابق علاقہ میں تین فٹ تک برفباری ہوئی ہے، توبہ اچکزئی میں برفباری کے دوران ایک راہگیر کی موت بھی واقع ہوئی، بارش اور برفباری سے علاقے کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

مولوی نعمت اللہ نامی ایک مقامی شخص کا کہنا ہے، ”ان بارشوں کی وجہ سے کافی راستے بند ہوئے اور ہم نے بار بار حکومت سے یہ مطالبہ کیا، اور پھر ضلعی انتظامیہ نے آج اور کل یہ مین راستے کلیئر کئے جبکہ گاؤں کے دیگر راستے اب بھی بند ہیں لیکن حکومت ہمارے ساتھ اس طرح ہمدردی اور تعاون نہیں کرتی جو ہم عوام، ہماری تحصیل دوبندی توبہ اچکزئی کا حق بنتا ہے، آٹے کی قلت کے ساتھ ساتھ، کہ ایک پارسل 7 ہزار اور ایک بوری کی قیمت 14 ہزار ہے، بہت سارے مسکین دربدر ہیں اور ان کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آ رہا ہے۔”

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے فوراً بعد مذکورہ علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور آمدورفت کے تمام راستے کلیئر کر دیئے گئے، ضلعی انتظامیہ نے ہمیشہ لوگوں کی خدمت کی ہے، ریسکیو کمیٹی کے انچارج کا کہنا ہے، ”ہم نے یہ ڈیمانڈ پیش کی اور خاص کر جو یہ راستے وغیرہ بند تھے تو اس کے لئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مشینری دی گئی اور ہم نے راستے صاف کرائے، اس کے ساتھ ساتھ جو مین شاہراہیں ہیں، وہ بھی ساری ہم نے کلیئر کرا لیں، اغبر میں جو مسئلہ تھا وہ یہ تھا کہ وہاں ہمارے پولیو ورکرز پہلے سے تعینات تھے جو راستوں کی بندش کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہو گئے تھے جس کے لئے پھر ڈپٹی کمشنر نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے خاص طور پر اغبر تک رسائی حاصل کی اور ان راستوں کو کلیئر کرایا اور وہاں پر پولیو ورکرز کی جو ٹیمیں پھنسی تھیں انہیں ہم نے ریسکیو کرایا۔”

توبہ اچکزئی افغانستان سے متصل ایک پہاڑی علاقہ ہے اور اس علاقے میں ضلع کے دیگر علاقوں کی نسبت موسم زیادہ ٹھنڈا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی اس علاقے میں تیز بارشیں ہوئی تھیں جن کی وجہ سے ڈیم ٹوٹ گئے تھے اور علاقے کے کاشتکاروں اور دیگر لوگوں کا بہت نقصان ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں قلعہ عبداللہ بالخصوص توبہ اچکزئی میں مزید بارشوں اور برفباری، اور موسم مزید سرد رہنے کا امکان ہے، سردی کی یہ لڑی 5 فروری تک جاری رہے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button