”باجوڑ میں قیامِ امن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے”
باجوڑ میں بدامنی کیخلاف ہزاروں افراد کا امن مارچ، جلسہ گاہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردی نامنظور کے نعروں سے گونج اٹھا۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال کے خلاف باجوڑ امن ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام شنڈء موڑ خار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی اور دہشت گردی کیخلاف نعرے لگائے۔
احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی کے افراد، وکلاء، طلبہ، سیاسی کارکنوں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مظاہرے سے اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین، ایم این اے محسن داوڑ، ایم پی نثار مہمند، سید اخونزادہ چٹان، سابقہ سینیٹر مولانا عبدالرشید، مولانا خان زیب، گل افضل، حاجی شیر بہادر، ملک خالد خان، سکندر زیب خان، شہاب الدین خان، ہارون رشید، نجیب اللہ خان، ملک بہادر شاہ، ملک شاہین خان، ملک سلطان زیب، قاری خیراللہ، عنایت کلے بازار کے صدر عمران ماہر اور مولانا وحید گل سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ باجوڑ میں دوبارہ بدامنی اور دہشت گردی کو کسی صورت برداشت کیا جائے گا اور نہ ہی ہم کسی کو لوگوں کا خون بہانے کی اجازت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ دینا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
مقررین نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں ضلع باجوڑ میں امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے اور وہ ضلع باجوڑ میں قیام امن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔