امریکہ: مرنے کے بعد جسم کو قدرتی کھاد میں تبدیل کیا جائے گا
نیویارک سمیت امریکہ کی چھ ریاستوں میں ازروئے قانون جسم کو بعد از مرگ قدرتی کھاد میں تبدیل کیا جا سکے گا، نیویارک اس قانون کو منظوری دینے والی چھٹی ریاست بن گئی۔
عالمی زرائع ابلاغ کے مطابق نیویارک کی گورنر نے کسی شخص کے مرنے کے بعد اس کے جسم کو قدرتی کھاد میں تبدیل کرنے کے قانون کی منظوری دے دی، اس قانون کے تحت مرنے والے کی آخری رسومات دفنانے یا جلانے کے بجائے کھاد میں تبدیلی کے ذریعے کروائی جا سکیں گی۔
اس عمل کے دوران مرنے کے بعد انسان کے جسم کو ایک کنٹینر میں مخصوص مرکبات کے ساتھ کم ازکم ایک ماہ تک رکھا جاتا ہے جس کے بعد وہ قدرتی کھاد میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
جسم کے کھاد میں تبدیل ہونے کا عمل مکمل ہونے پر اسے مرنے والے کے لواحقین کو دے دیا جاتا ہے جو اس کھاد کو پودے، درخت اور سبزیاں اگانے میں استعمال کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل واشنگٹن، کولوراڈو، اوریگن، ورمونٹ اور کیلی فورنیا میں بھی بعد از مرگ جسم کو کھاد میں تبدیل کرنے کا قانون منظور اور نافذ ہو چکا ہے۔